قومی آواز بلیٹن: کورونا وائرس کا قہر دنیا بھر میں جاری، اٹلی میں 6 ہزار سے زیادہ اموات

ادھر برطانیہ سے موصول ہونے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ وہاں کورونا وائرس سے 335 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ امریکہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 557 ہو گئی ہے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ-19) سے بری طرح متاثر اٹلی میں اس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 6077 ہو گئی ہے۔ اٹلی کے بعد یوروپ کا اسپین وہ ملک ہے جس میں ہلاکتیں سب سے زیادہ ہیں۔ ادھر آج برطانیہ سے موصول ہونے والی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ وہاں کورونا وائرس سے 335 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ امریکہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 557 ہو گئی ہے۔ ابھی تک پوری دنیا میں ساڑھے سولہ ہزار سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ چار لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہیں۔

ادھر ہندوستان میں متاثرین کی تعداد پانچ سو سے زیادہ ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد دس ہوگئی ہے۔ ہندوستان کے کئی حصوں میں کرفیو نافذ ہے لیکن عوام اس کی خلاف ورزی بھی کر رہے ہیں اور پولیس خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی کر رہی ہے۔

سو دن سے جاری شاہین باغ مظاہرہ ختم

کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر آج دہلی کے شاہین باغ میں سو دن سے جاری سی اے اے مخالف مظاہرہ کو پولیس نے ختم کرا دیا ہے۔ مظاہرہ کو ختم کرائے جانے پر لوگ باہر آئے، لیکن پولیس نے ان کو سمجھا کر گھروں میں واپس پھیج دیا۔ وہاں کے لوگوں کا کہنا تھا کہ جب پولیس کی بات کو مان کر صرف پانچ خواتین علامتی طور پر مظاہرہ کر رہی تھیں تو پھر اس کو کیوں ہٹایا گیا۔ اس کے بعد دہلی کے جعفرآباد اور ترکمان گیٹ پر چل رہے مظاہروں کو بھی ہٹا دیا گیا۔ واضح رہے لکھنؤ کے گھنٹہ گھر کا اور دیو بند کا مظاہرہ پہلے ہی ختم کر دیئے گئے تھے۔ مسلم علماء بھی ان مظاہروں کو ختم کرنے کے حق میں تھے۔


سعودی عرب میں جزوی کرفیو

کورونا وائرس کی وجہ سےسعودی عرب میں پیر کو شام سات بجے سے جزوی کرفیو کا اطلاق کردیا گیا تھا۔ اس سے قبل سعودی وزارت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے کو جرمانے اور جیل کی سزا کا سامنا کرنا ہو گا۔ وزارت داخلہ کے مطابق پہلی مرتبہ جرمانے کی رقم 10 ہزار ریال ہو گی۔ خلاف ورزی دہرانے کی صورت میں یہ رقم دو گنی ہو جائے گی۔ تیسری مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر 20 روز کے لیے جیل بھیج دیا جائے گا۔

کانگریس صدر سونیا گاندھی کا وزیر اعظم کو خط

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے غیر منظم سیکٹر کے ملازمین ذریعہ معاش کے بحران کا شکار ہیں، لہذا ان کو مالی مدد فراہم کرنے کے لئے حکومت ضروری اقدامات اٹھائے، اس کی اشد ضرورت ہے۔ سونیا گاندھی نے پیر کو پی ایم مودی کو یہ خط لکھا تھا، جسے پارٹی نے منگل کو یہاں جاری کیا۔ اس خط میں سونیا گاندھی نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے منفی حالات کی دیکھ بھال کرنے والے غیر منظم شعبے کے بے روزگار کارکنان کو اجرت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔


ایک ارب سے زیادہ لوگ گھر سے کام کرنے پر مجبور

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد پچاس سے زیادہ ممالک اور علاقوں میں ایک ارب سے زیادہ افراد اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور وہ وہیں سے اپنے دفتری یا کاروباری امور انجام دے رہے ہیں۔ بعض ممالک نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لازمی لاک ڈاؤن کر دیا ہے یا کرفیو نافذ کردیا ہے، جبکہ بعض ممالک کی حکومتوں نے اپنے شہریوں کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ اس مہلک وائرس سے بچنے کے لیے گھروں ہی میں مقیم رہیں اور غیر ضروری نقل وحرکت سے پرہیز کریں اور ورک فرام ہوم پر عمل کریں۔

راجیہ سبھا کے انتخابات ملتوی

الیکشن کمیشن نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے راجیہ سبھا کے دو سالہ انتخابات کو ملتوی کر دیا ہے۔ کمیشن نے گزشتہ دنوں راجیہ سبھا کی 55 سیٹوں کے لیے 26 مارچ کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا تھا، جس میں 37 امیدوار بلا مقابلہ منتخب کر لئے گئے تھے۔ اب باقی 18 امیدواروں کے لئے 26 مارچ کو الیکشن ہونا تھا۔ ان میں آندھرا پردیش، گجرات، منی پور، مدھیہ پردیش اور جھارکھنڈ کے امیدوار شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے منگل کو یہاں جاری بیان میں کہا ہے کہ گیارہ مارچ کو عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس کو عالمی وبا اعلان کیے جانے کے بعد حکومت نے ملک میں تمام ریلوے سروسز اور ہوائی جہاز کی خدمات کو بند کر دیا ہے اور کئی ریاستوں میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے راجیہ سبھا انتخابات کو ملتوی کیا جا رہا ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد انتخابات کی نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔


وزیراعظم کا رات کو آٹھ بجے قوم سے خطاب

پی ایم نریندر مودی نے آج رات ایک بار پھر 8 بجے ملک سے خطاب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اعلان کے بعد لوگ اس بات سے خوفزدہ ہیں کہ پتہ نہیں اس بار پی ایم مودی کیا اعلان کرنے والے ہیں۔ ویسے تو پی ایم مودی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا ہے کہ وہ عالمی وبا کورونا وائرس کے تعلق سے کچھ باتیں کریں گے، لیکن لوگوں میں خوف اس بات کو لے کر ہے کہ ایک بار 8 بجے جب پی ایم مودی نے ملک کے نام خطاب کیا تھا تو نوٹ بندی کا اعلان کر دیا تھا، اور ابھی کچھ دن پہلے بھی جب 8 بجے ملک کے نام خطاب کیا تو کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے 22 مارچ یعنی اتوار کو عوامی کرفیو کی اپیل کر دی جس سے معمولات زندگی پر کافی اثر پڑا۔

عمرعبداللہ کی نظر بندی ختم

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ کی نظر بندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے منگل کے روز یہ حکم نامہ جاری کیا۔ اس سے قبل عمر عبداللہ کے والد اور سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کی نظربندی کو بھی گزشتہ دنوں ختم کیا گیا تھا جس کے بعد میڈیا کے سامنے انھوں نے بیان دیا تھا کہ جب تک سبھی نظر بند لوگوں کو آزاد نہیں کیا جاتا، ان کی آزادی بے معنی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔