قومی آواز بلیٹن: میرٹھ کے اسپتال کی مسلمانوں سے تفریق، دہلی میں لاک ڈاؤن میں رعایت نہیں

دن بھر کی اہم خبریں: میرٹھ کے ایک اسپتال کا مسلمانوں سے تعصب، الہ آباد کی مسجد میں مؤذن جان بحق، دہلی میں لاک ڈاؤں سے کوئی ریاعت نہیں دی جائے گی اور دنیا بھر میں کورونا کا قہر بدستور جاری

user

قومی آواز بیورو

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں

اسپتال نے مسلمانوں کا علاج کرنے پر لگائی شرط، ہنگامہ کے بعد مانگی معافی

اسپتال نے اخبار میں اشتہار دے کر تبليغی جماعت سے وابستہ لوگوں پرکورونا وائرس کا انفیکشن پھیلانے کا الزام لگایا۔ اشتہار میں کہا گیا تھا کہ تبليغی جماعت کے متاثرہ لوگوں کو ملک بھر کے اسپتالوں میں داخل کرایا جا رہا ہے، لیکن یہ لوگ ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے ساتھ بدتمیزی کر رہے ہیں، اشتہار میں کہا گیا کہ کورونا وبا کو دیکھتے ہوئے ہمارا اسپتال مخصوص مذہب کے بھائیوں سے درخواست کرتا ہے کہ اگر انہیں اسپتال آنا ہو، تو خود اور ایک تيماردار کا چیک اپ کرائیں، جانچ رپورٹ نگیٹو ہو، تبھی اسپتال آئیں۔ اشتہار میں کہا گیا کہ کورونا وبا جاری رہنے تک یہ اصول جاری رہے گا۔


الہ آباد میں مسجد کے اندر مردہ حالت میں پائے گئے مؤذن ضیاء الدین

کوتوالی کے علاقے چوک کلاک ٹاور چوراہے کے قریب واقع مسجد کے مؤذن 83 سالہ ضیاء الدین فاروقی سنیچر کی سہ پہر مردہ حالت میں پائے گئے ۔ لاک ڈاؤن کے دوران، وہ مسجد میں تنہا رہ کر نماز پڑھتے تھے۔ تفتیش کے بعد پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی موت کسی بیماری سے ہوئی ہے۔ اہل خانہ نے جسد خاکی کو رات ہی میں سپرد خاک کر دیا۔

دہلی میں لاک ڈاؤن میں کوئی رعایت نہیں: کیجریوال کا اعلان

دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دارالحکومت میں حالات کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ فی الحال لاک ڈاؤن میں کسی طر ح کی ڈھیل نہیں دی جائے گی۔کیجریوال نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت میں بڑی تعداد میں ایسے مریض سامنے آ رہے ہیں جن میں کورونا وائرس کی کوئی علامات نظر نہیں آرہی ہیں۔ یہ تشویشناک صورت حال ہے اور یہ بات ذہن میں رکھتے ہوئے لاک ڈاؤن میں کسی طرح کی نرمی نہیں دی جائے گی۔ ایک ہفتے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اس وقت جو بھی حالات ہوں گے اس کے مطابق فیصلہ لیا جائے گا۔


یوگی حکومت مزدوروں کی گھر واپسی کا انتظام کرے: پرینکا

پرینکا گاندھی نے اتوار کو جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ کئی دنوں سے جو یو پی کے مہاجر مزدور الگ الگ ریاستوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ میں نے راجستھان، دہلی، سورت، اندور، بھوپال اور ممبئی سمیت دیگر شہروں و ریاستوں میں پھنسے ہوئے لوگوں سے ان کے مسائل کے تعلق سے بات چیت کی۔

فرانس اور برطانیہ میں اموات کی تعداد میں اضافہ

فرانس اور برطانیہ میں اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ فرانس میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 19 ہزار سے اوپر ہو گئی ہے اور برطانیہ میں یہ تعداد 15 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

دنیا کے سب سے طاقتور ملک امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعداد7 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اٹلی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 23 ہزار سے زیادہ ہےاوروہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 75 ہزار سے اوپر ہے۔

اسپین میں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 95 ہزار سے زیادہ ہے اور اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساڑے 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایران میں ہلاکتوں کی تعدادپانچ ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے اور وہاں متاثرین کی تعداد 80 ہزار کے اوپر ہے۔


بے زبان جانوروں کی مدد کریں، شاہ رخ خان کی اپیل

بشاہ رخ نے پوسٹ لکھ کر اپنے فینس سے گذارش کی ’’آئیے ہم یہ یقینی بنائیں کہ بے سہارا جانوروں کو اس وقت بھرپور پیاراور دیکھ بھال ملے۔‘‘ شاہ رخ نے اس کے ساتھ ہی ایک ایسے ادارے کا لنک بھی شیئر کیا جو بے سہارا اور آوارہ جانوروں کی دیکھ بھال کرتا ہے۔

قومی آواز کی اپنے قارئین سے ایک ضروری گزارش ، لاک ڈاؤن سے متعلق حکومت کے احکامات کی پابندی کریں، عبادت ضرور کریں لیکن گھروں میں، ماہ رمضان میں تراویح گھر میں ہی ادا کریں ، نہ کسی کو بلائیں نہ کسی کے جائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔