قومی آواز بلیٹن: احمدآباد میں شرح اموات دہلی سے 4 گنا زیادہ؛ امریکہ پر بیہودگی کا روس کا الزام
آج کی کچھ اہم خبریں: احمد آباد میں کورونا اموات کی شرح دہلی سے چار گنا زیادہ؛ امریکہ بیہودگی کا مظاہرہ کر رہا ہے، روس کا الزام؛ اتر پردیش کے اساتذہ بھرتی گھوٹالہ کی عدالتی جانچ کا مطالبہ
احمد آباد میں کورونا اموات کی شرح دہلی سے چار گنا زیادہ
شہروں کے حساب سے دیکھا جائے تو ہندوستان میں سب سے زیادہ اموات ممبئی میں ہوئی ہیں اور اس کے بعد احمد آباد کا اور پھر دہلی کا نمبر آتا ہے۔ لیکن شرح اموات کے معاملے میں احمد آباد پہلے مقام پر ہے۔ دراصل 8 جون تک کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو احمد آباد میں ہر 10 لاکھ کی آبادی پر 182 لوگوں کی موت کورونا سے ہوئی ہے۔ ممبئی میں شرح اموات ہر 10 لاکھ پر 88 ہے، جب کہ دہلی میں یہ تعداد 45 ہے۔ اس طرح احمد آباد میں شرح اموات دہلی کے مقابلے چار گنا سے بھی زیادہ ہے۔ یہ ہے مودی کے گجرات کی حقیقت۔آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران پہنیں گے ڈاکٹر یونیفارم، بنیں گے ’کورونا واریرس‘!
کورونا کے لگاتار بڑھتے معاملوں سے حکومت پریشان ہے اور اب حالات اس قدر تشویشناک ہو گئے ہیں کہ اسپتالوں میں نہ صرف ڈاکٹروں کی کمی ہے بلکہ اچھے انتظامی افسران کی بھی کمی ہے۔ اسی کو دیکھتے ہوئے مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کو بھی اسپتالوں میں ذمہ داری دی جائے گی۔ اس طرح دیکھا جائے تو بہت جلد یہ افسران ڈاکٹر کی یونیفارم میں نظر آئیں گے اور وہ 'کورونا واریرس' بن کر اسپتال کا انتظام دیکھیں گے۔ مودی حکومت ایک نئے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارت برائے پرسنل ایسے آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران اور دیگر نوکرشاہوں کی فہرست تیار کر رہا ہے جنھوں نے ڈاکٹری کی پڑھائی کی ہے اور ان کے پاس کم از کم ایم بی بی ایس کی ڈگری ہے۔ فہرست سازی کے بعد اہل افسران کو براہ راست کورونا سے لڑنے کے لیے میدان میں اتارا جائے گا۔
امریکہ غیر ذمہ داری اور بیہودگی کا مظاہرہ کر رہا ہے، روس کا الزام
ایک طرف امریکہ نے ایران پر ہتھیاروں کی پابندی کی مدت بڑھانے کے لیے دھمکی آمیز رویہ اختیار کیا ہوا ہے تو دوسری طرف روس اور چین نے اقوام متحدہ میں واشنگٹن کے دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف اور چین کے سینئر سفارت کار وینگ یی نے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹریس کو خط تحریر کیے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ لاؤروف کی جانب سے گزشتہ 27 مئی کو خط تحریر کیا گیا جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ "امریکہ غیر ذمہ داری اور بیہودگی کا مظاہرہ کر رہا ہے... یہ کسی طور بھی قابل قبول نہیں ہے۔"
چین کے سینئر سفارت کار وینگ یی نے گزشتہ 7 جون کو سلامتی کونسل کو جو خط لکھا ہے اس میں لکھاہے کہ "امریکہ کے ایرانی جوہری معاہدے سے علیحدہ ہو جانے کے بعد اب وہ سمجھوتے کا فریق نہیں رہا۔ لہٰذا اب اس کا کوئی حق نہیں کہ وہ سلامتی کونسل سے مطالبہ کرے کہ پابندیوں کو جلد دوبارہ عائد کیا جائے۔
اتر پردیش کے اساتذہ بھرتی گھوٹالہ کی عدالتی جانچ کا مطالبہ
کانگریس نے اتر پردیش میں اساتذہ بھرتی گھوٹالہ کے مجرموں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت سے اس گھوٹالہ کی سپریم کورٹ کے جج کی قیادت میں عدالتی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ اس معاملے میں بدنام کی گئیں انامیکا شکلا کو بھی انصاف دلانے کی ضرورت ہے۔
کانگریس کے ترجمان راجیو شکلا نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اتر پردیش میں 69000 اساتذہ کی بھرتیوں میں ایک بہت بڑا گھوٹالہ ہوا ہے اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پریانکا گاندھی اس معاملہ میں مستقل آواز اٹھا رہی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے اس گھپلے کے متاثرین سے بھی بات کی ہے اور مسلسل ان کے دکھوں کو بانٹ رہی ہیں۔ راجیو شکلا نے کہا کہ انامیکا شکلا کو اس اسکینڈل میں سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس کا تعلیمی ریکارڈ بہت اچھا تھا، لیکن گھپلہ کرنے والوں نے ان کے نام پر جعلی دستاویزات بنا کر لوگوں کو بہت سی جگہوں پر نوکریاں دلائیں۔
کورونا انفیکشن کا ’بلڈ گروپ‘ سے ہے خاص رشتہ، نئی تحقیق میں انکشاف
دنیا میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے اثرات کے درمیان اس پر مختلف نوعیت کی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس درمیان ایک نئی تحقیق سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کورونا انفیکشن کا 'بلڈ گروپ' سے ایک خاص رشتہ ہے، اور ایسا اس لیے کہا جا سکتا ہے کیونکہ کچھ بلڈ گروپ والے لوگوں پر اس انفیکشن کا اثر زیادہ ہوتا ہے اور کچھ بلڈ گروپ والے لوگوں پر بہت کم۔
نیوز پورٹل 'وائس آف امریکہ' پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق لاکھوں افراد پر کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ خون یعنی بلڈ کے 'او گروپ' کے لوگوں کو کورونا وائرس زیادہ متاثر نہیں کرتا، جبکہ 'اے گروپ' کے لوگ زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جینیٹک ٹیسٹ کرنے والی فرم ٹوئنٹی تھری اینڈ می نے اپریل میں اس پر تحقیق کرنا شروع کی تھی۔
قومی آواز کے ناظرین و قارئین سے گزارش، سوشل ڈسٹینسنگ وقت کی ضرورت ہے اس پر عمل کریں، شکریہ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔