ویڈیو... ہاتھرس واقعہ پر حکومت کا رویہ غیر انسانی اور غیر اخلاقی: راہل گاندھی

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ"ہم سب کو حکومت پر دباؤ ڈالنا ہے۔ سماج کو بدلنا ہے، کیونکہ جو ہماری ماؤں اور بہنوں کے خلاف اس ملک میں کیا جاتا ہے، وہ سراسر ناانصافی ہے۔"

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

تنویر

اتر پردیش کی یوگی حکومت میں ہوئے ہاتھرس واقعہ کے تعلق سے ایک بار پھر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے آواز بلند کی ہے۔ انھوں نے یوگی حکومت پر متاثرین کی مدد نہ کرنے اور ان کو استحصال کا شکار بنائے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ "ہاتھرس واقعہ میں حکومت کا رویہ غیر انسانی اور غیر اخلاقی ہے۔ وہ متاثرہ فیملی کی مدد کرنے کی جگہ جرائم پیشوں کی حفاظت کرنے میں لگے ہیں۔" ساتھ ہی راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ "آئیے ملک بھر میں خواتین پر ہو رہے مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں۔ ایک قدم بدلاؤ کی جانب۔"

ہیش ٹیگ اسپیک اَپ فور وومن سیفٹی لگاتے ہوئے راہل گاندھی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں انھوں نے ہاتھرس متاثرین سے ملاقات کا تذکرہ کیا ہے۔ ویڈیو میں وہ کہتے ہیں کہ "جیسا کہ آپ جانتے ہیں، کچھ دن پہلے میں ہاتھرس گیا۔ جاتے وقت مجھے روکا گیا، پہلی بار گرفتار کیا گیا، دوسری بار میں چلا گیا۔ مجھے بات سمجھ نہیں آئی کہ مجھے روکا کیوں جا رہا ہے۔ مجھے اس فیملی سے ملنے کیوں نہیں دیا جا رہا ہے؟ ان کی بیٹی کا قتل ہوا، ان کی بیٹی کی عصمت دری ہوئی، مجھے کیوں روکا جا رہا ہے؟ جیسے میں اس گھر کے اندر پہنچا، جیسے ہی میں نے فیملی سے بات کرنی شروع کی، بات سمجھ میں آگئی۔"


ویڈیو میں سابق کانگریس صدر راہل گاندھی آگے کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ "حکومت نے متاثرین پر حملہ شروع کر رکھا تھا۔ جرائم پیشوں کی مدد حکومت کا کام نہیں ہوتا ہے، جرائم پیشوں کی حفاظت حکومت کا کام نہیں ہوتا ہے۔ حکومت کا کام متاثرین کو انصاف دینے کا ہوتا ہے، جرائم پیشوں کو جیل میں ڈالنے کا ہوتا ہے۔ یہ کام اتر پردیش کی حکومت نہیں کر رہی تھی، اس لیے مجھے روکا گیا۔"

عوام کو مخاطب کرتے ہوئے راہل گاندھی کہتے ہیں کہ "میں آپ کے ذریعہ حکومت سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ اپنا کام کرنا شروع کیجیے۔ جرائم پیشوں کو جیل میں ڈالنے کا کام کیجیے، متاثرین کو بچانے کا اور ان کی حفاظت کا کام شروع کیجیے۔ یہ صرف ایک خاتون کی کہانی نہیں ہے، یہ ہندوستان میں لاکھوں خواتین کی کہانی ہے۔ لاکھوں خواتین حکومت کی جانب دیکھ رہی ہیں اور حکومت اپنا کام نہیں کر رہی ہے۔" ویڈیو کے آخر میں راہل گاندھی کہتے ہیں "ہم سب کو حکومت پر دباؤ ڈالنا ہے۔ سماج کو بدلنا ہے، کیونکہ جو ہماری ماؤں اور بہنوں کے خلاف اس ملک میں کیا جاتا ہے، وہ سراسر ناانصافی ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔