قومی آواز بلیٹن: ’مسلم برادری سے برابری اور انصاف کا برتاؤ ہوگا‘؛ کورونا متاثرہ ممالک میں انڈیا کا چوتھا مقام

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: ہندوستان اپنی مسلم آبادی کے ساتھ برابری اور انصاف کا برتاؤ کرے گا، سابق سفارتکار نکولس برنس کا اظہار خیال؛ کورونا متاثرہ ممالک میں ہندوستان چوتھے مقام پر

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان اپنی مسلم آبادی کے ساتھ برابری اور انصاف کا برتاؤ کرے گا، سابق سفارتکار نکولس برنس کا اظہار خیال

کانگریس رہنما راہل گاندھی نے کورونا بحران کے درمیان ہندوستان اور دنیا کی مشہور و معروف ہستیوں کے ساتھ خصوصی گفتگو کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے سابق امریکی سفیر نکولس برنس سے گفتگو کی۔ نکولس نے راہل گاندھی سے بات چیت کے دوران کہا کہ انہوں نے ہندوستان کی ہمیشہ ملی جلی تہذیب اور ثقافت کی وجہ سے تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ہندوستان اپنی مسلم آبادی کے ساتھ برابری اور انصاف کا برتاؤ کرے گا اور امید کا اظہار کیا کہ امریکہ بھی اپنی اقلیتوں کے ساتھ ایسا ہی اچھا برتاؤ کرے گا۔

نکولس نے امریکہ میں نسل پرستی کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کے بارے میں وہ کوئی رائے نہیں دےسکتے لیکن امریکہ کے بارے میں کہہ سکتے ہیں کہ’ ہم واپس آئیں گے اور جمہوریت کو مضبوط کریں گے‘۔گفتگو کے دوران راہل گاندھی نے کہا کہ دراصل یہ تقسیم یعنی فرقہ پرستی یا نسل پرستی ملک کو کمزور کرتی ہیں لیکن تقسیم کرنے والے اس کو ایسے پیش کرتے ہیں جیسے وہ ملک کو مضبوط کر رہے ہوں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ جیسے امریکہ میں افریقی امریکی اور میکسیکو کے لوگوں کو تقسیم کیا جاتا ہے ویسے ہی کچھ عناصر ہندوستان میں ہندو ، مسلمان اور سکھوں کو تقسیم کرتے ہیں اور جو لوگ اس تقسیم کے ذریعہ نظام کو کمزور کرتے ہیں وہ خود کو قوم پرست کہتے ہیں ۔ نکولس نے کہا کہ چین اور روس میں تاناشاہی کے رجحان پنپ رہے ہیں جو کسی بھی لحاذ سے اچھا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ دنیا کی صرف دو بڑی جمہوریتیں ہی نہیں ہیں بلکہ دو اہم جمہوریتیں ہیں۔ (تفصیلی گفتگو آپ قومی آواز ڈاٹ کام پر پڑھ سکتے ہیں)

کورونا متاثرہ ممالک میں ہندوستان چوتھے مقام پر

ہندوستان میں کل کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 10956 نئے معاملے سامنے آئے جس کے بعد ملک میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 2.98 لاکھ ہوگئی ہے اور ہندوستان دنیا میں اب سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں چوتھے مقام پر پہنچ گیا ہے۔ اس دوران کورونا انفیکشن سے سب سے زیادہ 396 لوگوں کی موت ہوئی ہے، جس سے اموات کی کل تعداد 8498 ہوگئی ہے۔


کیا دنیا میں کورونا سے ہو سکتی ہیں 5 کروڑ سے زیادہ اموات؟

طبی دنیا کی ایک بڑی ریسرچ میگزین ’دی لینسیٹ‘ کی ایک رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ عالمی وبا کورونا سے پوری دنیا میں 5 سے 10 کروڑ لوگوں کی جان جا سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جس طرح سے وبا بڑھ رہی ہے اس سے میڈیکل سسٹم پر بوجھ بڑھ جائے گا جس کے نتیجے میں اموات کی تعداد میں بہت اضافہ ہو سکتا ہے۔’دی لینسیٹ‘ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جو حالات قریب 100 سال پہلے 1918 میں اسپینش فلو کے دوران ہوئے تھے کچھ ویسے ہی حالات عالمی وبا کورونا کی وجہ سے بن سکتے ہیں۔ میگزین میں تحریر ہے کہ آج دنیا بھر میں جس طرح کی تصویر نظر آ رہی ہے کچھ ایسی ہی تصویر اسپینش فلو کے دور میں بھی دیکھنے کو ملی تھی۔’دی لینسیٹ‘ نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ کورونا میں ٹھیک ہونے کی شرح اسپینش فلو کے مقابلہ کافی بہتر ہے۔ واضح رہے کہ 1918 کے اسپینش فلو کی وجہ سے پوری دنیا میں 10 کروڑ سے زیادہ لوگوں کی اموات ہوئی تھیں اور اکیلے ہندوستان میں اس فلو سے ایک کروڑ سے زیادہ لوگوں کی جان گئی تھی۔

امریکہ عراق میں اپنی فوج کم کرے گا

امریکی اور عراقی حکومتوں نے جمعہ کی صبح ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ آئندہ مہینوں کے دوران عراق میں اپنے فوجی وجود میں کمی لانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ یہ بیان بغداد اور واشنگٹن کے درمیان ویزارتی بات چیت کے آغاز کے بعد سامنے آیا ہے۔بیان میں دونوں ممالک کی حکومتوں نے کہا ہے کہ "داعش تنظیم کے خطرے پر قابو پانے کے حوالے سے بڑی پیش رفت کی روشنی میں امریکہ آنے والے مہینوں میں عراق میں اپنے فوجیوں کی تعداد کم کرتا رہے گا"۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات پیش نہیں کی گئیں۔


30 جون تک لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے متعلق عرضی خارج

سپریم کورٹ میں 30 جون تک لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا مطالبہ کرنے والی کچھ مفاد عامہ کی عرضیاں داخل کی گئی تھیں جن کو آج عدالت عظمیٰ نے خارج کر دیاہے۔ عدالت کے اس فیصلہ کے بعد ان افواہوں پر فل اسٹاپ لگ گیا ہے جن میں یہ کہا جارہا تھا کہ 30 جون تک پھر لاک ڈاؤن نافذ کیا جا سکتا ہے ۔ادھر دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بھی لاک ڈاؤن میں مزید توسیع کی باتوں کو خارج کر دیا ہے۔

قومی آواز کے قارئین و سامعین سے ضروری گزارش، کورونا وبا سے ڈریں نہیں بلکہ احتیاط برتیں، شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔