اسلام قبول کر چکی ’سِمر‘ سسرال میں رکھ رہی ہیں روزہ

دیپیکا ککڑ سے فائزہ ابراہیم بن چکی ٹی وی اداکارہ کا شادی کے بعد یہ پہلا رمضان ہے، اور وہ انتہائی خلوص نیتی سے اپنے سسرال والوں کے ساتھ روزہ رکھ رہی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

22 فروری 2018 کو شعیب ابراہیم سے اسلامی رسم و رواج کے مطابق نکاح کرنے والی دیپیکا ککڑ کی شادی گزشتہ دنوں کافی تنازعہ کا شکار رہی تھی۔ شعیب ابراہیم سے شادی کے لیے مذہب اسلام قبول کرنے والی دیپیکا ککڑ نے پہلے تو اپنا نام بدل کر فائزہ ابراہیم رکھا اور اب خلوصی نیتی کے ساتھ رمضان کے روزے بھی رکھ رہی ہیں۔ ٹی وی کے مشہور سیریل 'سسرال سمر کا' میں سمر کا کردار نبھانے والی دیپیکا ککڑ کو حالانکہ آج بھی زیادہ لوگ دیپیکا کے نام سے ہی جانتے ہیں لیکن دیپیکا خود کو فائزہ ابراہیم ہی کہنا زیادہ پسند کرتی ہے۔ اِن دنوں فائزہ سسرال میں اپنے شوہر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ روزہ و افطار میں مشغول نظر آ رہی ہیں۔ اس کی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں جس میں وہ اپنے سسرال کے لوگوں کے ساتھ افطار کے لیے بیٹھی ہوئی ہیں۔

سسرال والوں کے ساتھ افطار کے لیے بیٹھی ہوئی فائزہ ابراہیم
سسرال والوں کے ساتھ افطار کے لیے بیٹھی ہوئی فائزہ ابراہیم

قابل ذکر ہے کہ شعیب ابراہیم اور فائزہ کی شادی لکھنو سے 100 کلو میٹر دور موداہا میں ہوئی تھی اور پھر ممبئی میں ولیمہ کی دعوت بھی منعقد کی گئی تھی۔ یہ شادی اس لیے بھی موضوعِ بحث رہی تھی کیونکہ دیپیکا نے شادی کے بعد اپنا مذہب تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس نے بتایا تھا کہ وہ ہندو سے مسلم ہو گئی ہے۔ انھوں نے جب بتایا کہ دیپیکا ککڑ سے بدل کر اپنا نام فائزہ ابراہیم رکھ لیا ہے تو لوگوں میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔ سوشل میڈیا میں کئی لوگوں نے فائزہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا لیکن ایک انٹرویو میں فائزہ نے واضح لفظوں میں کہہ دیا تھا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے اور وہ اس بارے میں کسی کو صفائی نہیں دینا چاہتی ہیں۔

مذہب اسلام قبول کرنے کے بعد ہندوتوا پسند تنظیموں نے اس معاملے کو لو جہاد سے جوڑ کر دیکھنا بھی شروع کر دیا تھا لیکن فائزہ ابراہیم نے اس طرح کی باتوں کو بہت زیادہ توجہ نہیں دی اور خاموشی اختیار کرنا ہی بہتر سمجھا۔ واضح رہے کہ شعیب ابراہیم اور دیپیکا ککڑ کی دوستی ٹی وی کے مشہور سیریل 'سسرال سِمر کا' کے سیٹ پر ہوئی تھی اور دونوں ایک دوسرے کو 2013 سے ہی ڈیٹ کر رہے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شعیب ابراہیم نے اپنے اہل خانہ کی موجودگی میں ریلٹی شو 'نَچ بلیے' کے سیٹ پر دیپیکا کو شادی کے لیے پرپوز کیا تھا اور پھر دونوں کی شادی کی راہیں ہموار ہو گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔