ومبلڈن 2019: 15 سالہ کوری گاف نے وینس ولیمز کو دی سنسنی خیز شکست، سبھی حیران

جب کوری گاف پیدا بھی نہیں ہوئی تھیں تب تک وینس ولیمس ومبلڈن میں دو سنگلز کا خطاب جیت چکی تھیں۔ اب پانچ بار کی چمپئن وینس کو پہلے ہی دور میں شکست کے بعد باہر ہونا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

15 سالہ کوری گاف نے ومبلڈن میں ایک بہت بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے دنیائے ٹینس کو پیر کی شب حیران کر کے رکھ دیا۔ دنیا کی 313 نمبر کی اس کھلاڑی نے مشہور و معروف وینس ولیمز کو پہلے ہی دور میں شکست دے کر باہر کر دیا اور پھر میڈیا سے کہا کہ ’’میں خود حیران ہوں، ساتھ ہی میں بہت خوش قسمت بھی ہوں کہ ومبلڈن نے مجھے وائلڈ کارڈ دیا اور مجھے کھیلنے کا موقع ملا۔ مجھے کبھی امید نہیں تھی کہ میں ایسا کر پاؤں گی۔‘‘


کوری گاف کی ہی طرح پوری دنیا حیران ہے کہ 5 بار کی چمپئن رہی وینس آخر کس طرح نووارد کھلاڑی سے مقابلہ 6-4، 6-4 سے سیدھے مقابلے میں ہار گئیں۔ کوری گاف ومبلڈن کے لیے کوالیفائی کرنے والی سب سے نوجوان کھلاڑی ہیں اور وہ وینس کو اپنا رول ماڈل مانتی ہیں۔ یہی سبب ہے کہ فتح کے بعد کوری کی آنکھوں میں آنسو تھے، فتح کی خوشی کے آنسو اور ایک عظیم کھلاڑی کو شکست دینے پر مسرت کے آنسو۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

قابل غور بات یہ ہے کہ جب کوری گاف پیدا بھی نہیں ہوئی تھیں تب تک وینس ولیمس ومبلڈن میں دو سنگلز کا خطاب جیت چکی تھیں۔ اب پانچ بار کی چمپئن کو پہلے ہی دور میں شکست کے بعد باہر ہونا پڑا۔ دیکھنے والی بات یہ ہے کہ 15 سالہ کوری گاف اس ٹورنامنٹ میں کہاں تک سفر کر پاتی ہیں۔ ان کا خواب اس ٹورنامنٹ کو جیتنے کا ہے، لیکن یہ اتنا آسان نہیں ہے۔ دنیا کی 313 نمبر کی اس کھلاڑی نے ہم وطن وینس ولیمز کو شکست دینے کے بعد واضح لفظوں میں کہا کہ ’’میرا ہدف خطاب جیتنا ہے۔ میں پہلے بھی یہ کہہ چکی ہوں۔ میں عظیم ترین بننا چاہتی ہوں۔ جب میں آٹھ سال کی تھی تو میرے والد نے کہا تھا کہ میں ایسا کر سکتی ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Jul 2019, 5:10 PM
/* */