ہندوستان کے مشہور ٹینس کھلاڑی روہن بوپنّا نے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان، 2 دہائی پر مشتمل یادگار کیریئر ہوا ختم
بوپنا نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آپ ایسی چیز کو کیسے الوداع کہہ سکتے ہیں جس نے آپ کی زندگی کو معنی دیا ہو؟ ٹور پر 20 بے مثال سالوں کے بعد اب وقت آ گیا ہے، میں آفیشیل طور پر اپنا ریکٹ چھوڑ رہا ہوں۔‘‘

ہندوستان کے مشہور و معروف ٹینس کھلاڑی روہن بوپنّا نے 22 سال کے شاندار کیریئر کے بعد پیشہ ور ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا آخری میچ پیرس ماسٹرس 1000 میں تھا، جہاں انھوں نے الیکزنڈر بوبلک کے ساتھ ڈبلز مقابلہ کھیلا تھا۔ رواں سال کے شروع میں بوپنا نے ڈبلز ٹینس میں سب سے عمر دراز گرینڈ سلیم فاتح اور سب سے عمر دراز ورلڈ نمبر 1 بن کر تاریخ رقم کر دی تھی۔ روہن بوپنا نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ جاری کر اپنے ریٹائرمنٹ کی جانکاری دی۔
روہن بوپنا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی سبکدوشی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’’آپ کسی ایسی چیز کو کیسے الوداع کہہ سکتے ہیں جس نے آپ کی زندگی کو معنی دیا ہو؟ ٹور پر 20 بے مثال سال کے بعد، اب وقت آ گیا ہے... میں آفیشیل طور پر اپنا ٹینس ریکٹ چھوڑ رہا ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، اور جب بھی کورٹ پر قدم رکھا، اس پرچم، اس احساس اور اس فخر کے لیے کھیلا۔ بوپنا نے لکھا کہ ’’میرا دل بھاری اور شکرگزار دونوں محسوس کر رہا ہے۔ ہندوستان کے ایک چھوٹے سے شہر کورگ سے اپنا سفر شروع کرنا، اپنی سروس مضبوط کرنے کے لیے لکڑی کے ٹکڑے کاٹنا، برداشت کی صلاحیت بڑھانے کے لیے کافی باغانوں میں دوڑنا اور ٹوٹے ہوئے کورٹ پر خوابوں کا پیچھا کرنا، دنیا کے سب سے بڑے کورٹ کی روشنی میں کھڑا ہونا، یہ سب غیر حقیقی لگتا ہے۔‘‘
روہن بوپنا اپنے کھیل سے بہت جذاتی انداز میں جڑے ہوئے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’ٹینس میرے لیے صرف ایک کھیل نہیں رہا ہے۔ اس نے مجھے تب مقصد دیا جب میں گم ہو گیا تھا، تب طاقت دی جب میں ٹوٹ گیا تھا، اور تب بھروسہ دیا جب دنیا نے مجھ پر شک کیا تھا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہر بار جب میں کورٹ پر اترا تو اس نے مجھے عز، اٹھنے کا لچیلاپن، پھر سے لڑنے کا حوصلہ سکھایا۔ جب میرے اندر سب کچھ کہہ رہا تھا کہ میں نہیں کر سکتا اور سب سے بڑھ کر مجھے یاد دلایا کہ میں نے شروعات کیوں کی اور میں کون ہوں؟‘‘
قابل ذکر ہے کہ 45 سالہ بوپنا نے اپنے کیریئر کا اختتام 2 گرینڈ سلیم خطابوں کے ساتھ کیا۔ 2024 آسٹریلین اوپن مینس ڈبلز (میتھیو ایبڈن کے ساتھ) اور 2017 فرنچ اوپن مکس ڈبلز (گیبریلا ڈابرووَسکی کے ساتھ)۔ وہ 4 گرینڈ سلیم کے فائنل میں بھی پہنچے۔ 2 مینس ڈبلز میں (2020 یو ایس اوپن میں اعصام الحق قریشی اور 2023 یو ایس اوپن میں ایبڈن کے ساتھ) اور 2 مکس ڈبلز میں (2018 آسٹریلین اوپن میں ٹیمیا بابوس اور 2023 آسٹریلین اوپن میں ثانیہ مرزا کے ساتھ)۔ بوپنا 2012 اور 2015 میں مہیش بھوپتی اور فلورِن مرجیا کے ساتھ اے ٹی پی فائنلز کے فائنل میں بھی پہنچے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔