یوتھ ورلڈ باکسنگ: مزید 4 ہندوستانی مکہ بازوں نے میڈل کیا یقینی، تمغوں کی مجموعی تعداد 11 پہنچی

مزید 4 یقینی تمغوں کے ساتھ ہندوستان کی جھولی میں تمغوں کی تعداد اب 11 ہو گئی ہے جو کہ پولینڈ میں منعقد گزشتہ ایڈیشن کے برابر ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

یوتھ ایشین چمپئن مسکان، تمنا اور دو دیگر ہندوستانی مکہ بازوں نے اپنے باؤٹ جیت کر اسپین کے لا نسیا آئی بی اے یوتھ مینس اینڈ ویمنس عالمی مکہ بازی چمپئن شپ 2022 کے سیمی فائنل میں داخلہ پا لیا ہے۔ 2022 یوتھ ایشین چمپئن شپ کی سلور میڈل فاتح کیرتی (پلس 81 کلوگرام) اور دیویکا گھورپڑے (52 کلوگرام) دیگر دو مکہ باز ہیں، جنھوں نے آخری-4 دور میں پہنچ کر اپنے تمغے یقینی کیے۔ ان چار مزید تمغوں کے ساتھ ہندوستان کی جھولی میں تمغوں کی تعداد اب 11 ہو گئی ہے، جو کہ پولینڈ میں منعقد گزشتہ ایڈیشن کے برابر ہے۔

تمنا نے ہندوستان کے لیے دن کی شروعات جارحانہ انداز میں کی۔ انھوں نے خواتین کے 50 کلوگرام کوارٹر فائنل میچ میں متفقہ طور پر فیصلے کے ذریعہ جاپان کی جونی ٹونگاوا کو ہرایا۔ دیویکا نے جرمن مکہ باز آسیہ اری کے خلاف 0-5 سے آسان جیت درج کی۔


مسکان (75 کلوگرام) اور کیرتی اپنی اپنی حریفوں (بالترتیب منگولیا کی جینیپ اجیم بائی اور رومانیہ کی لیویا بوٹیکا) کے خلاف بے حد مضبوط ثابت ہوئیں، کیونکہ دونوں ہندوستانی مکہ باز آر ایس سی (ریفری اسٹاپس دی کانسپیٹ) کے ذریعہ فاتح قرار پائیں۔ ان دونوں مقابلوں میں ریفری کو شروعاتی تین منٹ کے اندر ہی باؤٹ روکنی پڑی۔

اس درمیان پریتی دہیا (57 کلوگرام)، ردم (پلس 92) اور جادومنی سنگھ مانڈینگبام (51 کلوگرام) اپنے اپنے کوارٹر فائنل میں ہار کر باہر ہو گئے۔ مسکان، تمنا، دیویکا، کیرتی، کنجرانی دیوی تھونگم (60 کلوگرام)، بھاؤنا شرما (48 کلوگرام)، روینا (63 کلوگرام) اور لشو یادو (70 کلوگرام) سمیت آٹھ ہندوستانی خاتون مکہ باز بدھ کی دیر شب کو سیمی فائنل باؤٹ میں اتریں گی۔ ونشج (63.5 کلوگرام)، وشوناتھ سریش (48 کلوگرام) اور آشیش (54 کلوگرام) اس مشہور ٹورنامنٹ میں مرد سیمی فائنل میں ہندوستان کی طرف سے محاذ سنبھالیں گے، جس میں 73 ممالک کے تقریباً 600 مکہ باز حصہ لے رہے ہیں۔ فائنل باؤٹ جمعہ اور ہفتہ کو کھیلے جائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔