ویمنس ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل، نکہت زرین کا حیدرآباد آمد پر شاندار استقبال

نکہت نے ان کا استقبال کرنے کے لئے آنے والے سرینواس گوڑ اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کافی خوشی ہو رہی ہے۔

نکہت زرین، تصویر آئی اے این ایس
نکہت زرین، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: نئی دہلی میں منعقدہ ویمنس ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی نکہت زرین کی قومی دارالحکومت نئی دہلی سے ریاستی دارالحکومت حیدرآباد واپسی پر شمس آباد ایرپورٹ پر ان کا شانداراستقبال کیا گیا۔ کھلی جیپ میں وزیر اسپورٹس سرینواس گوڑ اور دیگر کے ساتھ ان کو لے جایا گیا۔ وزیرموصوف نے ان کو تہنیت اور مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر سرینواس گوڑ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی دختر نے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے تعاون سے عالمی سطح پر شناخت بنائی ہے اور دنیا بھر میں ہندوستان کا نام اونچا کیا ہے۔ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعد کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔ وزیراعلی کھیل کی بہتر پالیسی تیار کر رہے ہیں اور اکیڈیمیز کا قیام عمل میں لا رہے ہیں۔ عالمی سطح پر اپنی شناخت بنانے والی نکہت زرین کو اکیڈیمی کے قیام کے لئے تعاون حکومت کی جانب سے کیا جائے گا کیونکہ عالمی سطح پر باکسنگ کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے کئی باکسرس کو تیار کرنے کی طاقت نکہت میں ہے۔


سرینواس گوڑ نے کہا اسی لئے وزیراعلی نے ان کے لئے ڈی ایس پی کی ملازمت کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ ریاست میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جس کی نظیر ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں ملتی۔ ایسے کھلاڑیوں کو نظرمیں رکھتے ہوئے جلد ہی بہتر اسپورٹس پالیسی بنائی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں نکہت زرین اولمپک میں میڈل حاصل کریں گی۔ قبل ازیں نظام آباد ضلع میں بھی نکہت زرین کی حوصلہ افزائی اس وقت کی رکن پارلیمنٹ نظام آباد کویتا نے کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر بچہ کے لئے نکہت زرین مثال ہے۔

نکہت نے ان کا استقبال کرنے کے لئے آنے والے سرینواس گوڑ اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کافی خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ تعاون کرنے پر وزیراعلی کے چندرشیکھرراو، رکن قانون ساز کونسل کویتا سے اظہار تشکر کیا۔ ان کے تعاون کی وجہ سے ہی وہ دوسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کر پائی ہیں۔ ہندوستان اورتلنگانہ کے لئے کامیابی پر وہ کافی خوش ہیں۔ اگر اسی طرح کا تعاون تمام کا رہا تو وہ اولمپکس میں بھی گولڈ میڈل حاصل کریں گی۔ ملک میں مقامی عوام کی موجودگی میں بہتر مظاہرہ کرنا ان کے لئے کافی خصوصی رہا ہے۔ پوسٹر گرل کے طور پر اپنے ملک کے لئے گولڈ میڈل حاصل کر پائی ہیں، اس پر وہ کافی خوش ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔