ٹوکیو اولمپکس: جیت کی راہ پر لوٹی ہندوستانی ہاکی ٹیم، ہسپانیہ کو 3-0 سے شکست دی

ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم جیت کی راہ پر واپس لوٹ آئی ہے اور منگل کے روز پول - اے کے اپنے تیسرے میچ میں اس نے اسپین (ہسپانیہ) کو 3-0 سے شکست دی

ہاکی انڈیا / ٹوئٹر
ہاکی انڈیا / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ٹوکیو: ہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم جیت کی راہ پر واپس لوٹ آئی ہے اور منگل کے روز پول - اے کے اپنے تیسرے میچ میں اس نے اسپین (ہسپانیہ) کو 3-0 سے شکست دی۔ ہندوستان کی جیت میں روپندر پال سنگھ نے اہم کردار ادا کیا، جنہوں نے سب سے زیادہ 2 گول داغے۔ روپندر نے 15 ویں اور 51 ویں منٹ میں گول کیا اور ان کے علاوہ سمرن جیت سنگھ نے 14 منٹ میں شاندار زمینی گول داغا۔ ہندوستان کا اگلا مقابلہ جمعرات کو ارجنٹائن سے ہوگا۔

آسٹریلیا کے خلاف ایک کے مقابلہ 7 گولوں سے کراری شکست برداشت کرنے والی ہندوستانی ہاکی ٹیم اس مقابلہ میں جیت کی امید کے ساتھ اتری تھی۔ ابتدائی کوارٹر میں ہی ہندوستان نے دبدبہ قائم کر لیا اور کھیل کے 14 ویں منٹ میں سمرن جیت سنگھ نے شاندار فیلڈ گول داغ کر ہندوستان کو 1-0 سے برتری فراہم کر دی۔ اگلے ہی منٹ میں ہندوستان کو پینلٹی اسٹروک مل گیا، جس کو روپندر پال سنگھ نے گول میں تبدیل کر کے ہندوستان کی برتری کو 2-0 تک پہنچا دیا۔ دوسرے کوارٹر میں ہسپانوی ٹیم نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین پینلٹی کارنر حاصل کئے، تاہم ہندوستانی دفاعی لائن نے حریف ٹیم کے منصوبوں پر پانی پھیر دیا۔


اس کے بعد تیسرے کوارٹر میں دونوں ہی ٹیمیں گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو پائیں۔ اگرچہ دلپریت سنگھ اور سمت کو گول کرنے کا موقع حاصل ہوا لیکن ہسپانوی گول کیپر نے شاندار دفاع کیا۔ چوتھے اور آخری کوارٹر کے چھٹے منٹ میں ہندوستان پینلٹی کارنر حاصل ہوا اور اس مرتبہ پھر روپندر پال سنگھ نے اسے گول میں تبدیل کر کے ہندوستان کو 3-0 کی فیصلہ کن سبقت فراہم کر دی۔

دنیا کی چوتھی نمبر کی ہندوستانی ٹیم کو اس مقابلہ میں چار پینلٹی کارنر حاصل ہوئے، جس میں سے وہ ایک کو گول میں تبدیل کر پائی جبکہ ہسپانوی ٹیم کو سات پینلٹی کارنر حاصل ہوئے لیکن وہ ایک کو بھی گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہی۔ ہندوستانی گول کیپر پی آر شرجیش نے اکیلے 6 گولز کا دفاع کیا۔


گروپ - اے میں ہندوستان کو دفاعی چیمپین ارجنٹائن، آسٹریلیا، جاپان، نیوزی لینڈ اور ہسپانیہ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی اور دونوں گروپوں کی سر فہرست چار ٹیمیں اگلے مرحلہ میں داخل ہوں گی۔ گروپ - بی میں بلجیم، کینیڈا، جرمنی، برطانیہ، نیدرلینڈز اور جنوبی افریقہ ہیں۔ ہندوستان نے اپنے تین مقابلہ میں سے دو میں جیت حاصل کی ہے اور وہ اپنے گروپ میں دوسرے مقام پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 27 Jul 2021, 9:14 AM