ٹوکیو اولمپکس: بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کا جیت کے ساتھ آغاز، اسرائیل کی سینیا پولکارپوا کو دی شکست

موجودہ عالمی چیمپین سندھو نے 28 منٹ تک چلے اس مقابلہ کو 21-7، 21-10 سے جیتا، 2016 کے ریو اولمپکس میں سندھو نے فائنل میں مقام بنایا تھا لیکن ہسپانیہ کی کیرولینا مارین کے ہاتھوں انہیں ہار ہوئی تھی

پی وی سندھو / ٹوئٹر
پی وی سندھو / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ٹوکیو: ریو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستان کی اسٹار خاتون بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے اتوار کے روز جیت کے ساتھ ٹوکیو اولمپکس کا آغاز کیا۔ ٹوکیو میں چھٹی سیڈ اور ہندوستان کی میڈل کی سب سے اہم دعویدار سندھو نے ویمنز سنگلز کے ’گروپ جے‘ اپنے پہلے میچ میں اسرائیل کی سینیا پولکارپوا کو شکست دی۔

دفاعی عالمی چیمپین سندھو نے 28 منٹ تک چلے اس مقابلہ میں 21-7، 21-10 سے جیت حاصل کی۔ سال 2016 کے ریو اولمپکس میں سندھو نے فائنل میں مقام بنایا تھا تاہم وہ ہسپانیہ کی کیرولینا مارین سے ہار گئی تھیں۔

ٹوکیو اولمپکس 2020 کا آج یعنی 25 جولائی کا دن ہندوستان کے حوالہ سے اہم ہے۔ آج ہندوستان کے پاس نشانہ بازی میں تمغہ حاصل کرنے کا موقع ہے۔ اس کے علاوہ ہاکی، ٹیبل ٹینس، تیراکی، بیڈمنٹن، مکہ بازی وغیرہ کے بھی اہم مقابلے ہونے ہیں۔ اس سے قبل ہفتہ کے روز ہندوستان نے اپنا کھاتہ کھول لیا ہے۔ ویٹ لفٹر میرابائی چانو نے 49 کلو زمرے میں نقرئی تمغہ حاصل کیا۔ چانو کی اس کامیابی پر ملک کی اہم شخصیات کی جانب سے انہیں مبارک باد پیش کی جا رہی ہے۔


ادھر، نشانہ باز منو بھاکر کو خاتون 10 میٹر ایئر پسٹل کوالیفکیشن مقابلہ میں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ منو بھاکر 575/600 پوائنٹس کے ساتھ 12 ویں مقام پر رہیں۔ فائنل میں پہنچنے کے لئے انہیں ٹاپ 8 میں جگہ بنانی تھی۔ منو سے تمغہ کی امید کی جا رہی تھی لیکن وہ فائنل تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔