ٹوکیو اولمپکس: ہندوستان سے ہار کے بعد زار و قطار رونے لگے جرمن ہاکی ٹیم کے کھلاڑی

کانسہ تمغہ کے لئے کھیلے گئے اس مقابلہ میں ہندوستان سے 5-4 سے شکست فاش ہونے کے بعد جرمن خیمہ میں زبردست مایوسی پھیل گئی۔

جیت کا جشن مناتے ٹیم انڈیا کے کھلاڑی / Getty Images
جیت کا جشن مناتے ٹیم انڈیا کے کھلاڑی / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

ٹوکیو: ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے ٹوکیو اولمپکس میں جرمنی کو شکست دے کر 41 سال بعد اولمپکس کا کانسہ میڈل جیت کر تمغوں کے قحط کا خاتمہ کر دیا ہے۔ میچ کے دوران دونوں ٹیموں نے اپنی طاقت کے ساتھ ہاکی کھیلی۔ ہاکی میں دنیا کی چوتھے نمبر کی ٹیم جرمنی کا سفر اولمپکس 2020 میں ہار کے ساتھ ختم ہوگیا۔ کانسہ تمغہ کے لئے کھیلے گئے اس مقابلہ میں ہندوستان سے 5-4 سے شکست فاش ہونے کے بعد جرمن خیمہ میں زبردست مایوسی پھیل گئی۔ ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کی آنکھیں میدان پر ہی اشک بار ہو گئیں۔ کئی جرمن کھلاڑی تو اپنے زار و قطار آنسو روک ہی نہیں پا رہے تھے۔

وہیں، ٹیم انڈیا نے جیسے ہی جرمنی پر 5-4 سے جیت درج کر کے کانسہ کے تمغہ پر قبضہ کیا، ملک جشن میں ڈوب گیا۔ ہندوستان نے آخری مرتبہ 1980 میں اولمپک کا طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد سے ہاکی میں ہندوستان کو کوئی تمغہ حاصل نہیں ہو سکا تھا۔ اب 41 سال بعد ہندوستان کی ہاکی ٹیم کی تمغوں کی قحط سالی ختم ہوئی ہے۔


میچ کی بات کریں تو جرمنی نے بہترین شرعات کرتے ہوئے ہندوستان سے 1-0 سے برتری حاصل کر لی تھی لیکن دوسرے کوارٹر کی شروعات میں ہی ہندوستان کے سمرن جیت نے گول داغ کر اسکور برابر کر دیا۔ اس کے بعد جرمنی نے بھی دوسرا گول داغ دیا اور اسکور 2-1 ہو گیا۔ دوسرے کوارٹر کے ختم ہونے سے 6 منٹ قبل جرمنی نے تیسرا گول بھی داغ کر فاصلہ مزید بڑھا دیا تھا۔

اس کے بعد ہندوستان کی طرف سے ہاردک سنگھ اور ہرمنپریت سنگھ نے گول کر کے ہندوستان کو 3-3 سے برابری پر لا دیا۔ تیسرے کوارٹر کے تیسرے منٹ میں روپندر پال سنگھ نے پنالٹی اسٹروک پر گول داغ کر ہندوستان کو 4-3 سے برتری دلا دی۔ اس کے بعد سمرن جیت سنگھ نے ہندوستان کے لئے 5واں گول داغا۔ آخر میں ہندوستان 5-4 سے میچ جیتنے میں کامیاب رہا۔


ٹیم انڈیا کی اس کامیابی پر جہاں عوام بالخصوص نوجوانوں میں جشن کا ماحول ہے وہیں اہم ہستیاں بھی ہاکی کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کر رہی ہیں۔ صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے ہندوستان کے ہاکی کھلاڑیوں کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔