ٹوکیو اولمپکس: پی وی سندھو تمغہ سے ایک قدم دور، ڈنمارک کی کھلاڑی کو شکست دی

پی وی سندھو نے ڈنمارک کی بلیچ فیلٹ کو ہراکر تمغہ کی جانب ایک قدم اور بڑھا دیا ہے، سندھو شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور ملک کو ان کے طلائی تمغہ حاصل کرنے کی امید ہے

پی وی سندھو / آئی اے این ایس
پی وی سندھو / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس 2020 میں ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی سی سندھو کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے جمعرات کے روز ڈنمارک کی میا بلیچ فیلٹ کو سیدھے گیم میں 21-15، 21-13 سے ہزار کر تمغہ کی جانب ایک قدم اور بڑھا دیا ہے۔

اب سندھو کم از کم کانسی کے تمغہ سے ایک قدم دور ہیں، جبکہ ان سے ہندوستان کو طلائی تمغہ حاصل کرنے کی امید ہے۔ آج کھیلے گئے سنگلز راؤنڈ آف 16 کے مقابلہ میں سندھو بہترین فارم میں نظر آئیں اور انہوں نے اپنی حریف بلیچ فیلٹ کو کوئی موقع نہیں دیا۔

پی سی سندھو نے آج کے میچ میں پہلے گیم سے ہی اپنا دبدبہ برقرار رکھا اور اپنے طاقت ور سمیش اور کنٹرول کے دم پر 11-6 سے برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد میا نے واپسی کرتے ہوئے سندھو کو چیلنج دینے کی کوشش کی لیکن آخر میں سندھو کی مہارت اور جارحیت کے سامنے یہ ناکافی ثابت ہوا اور سندھو نے پہلا گیم 21-15 سے اپنے نام کر لیا۔


اس کے بعد دوسرے گیم میں بھی سندھو نے ڈنمارک کی کھلاڑی کو زیادہ مواقع فراہم نہیں کئے اور ان پر دباؤ برقرار رکھا۔ پہلے گیم کی طرح سندھو نے دوسرے گیم میں بھی ابتدا میں ہی 11-6 سے برتری حاصل کر لی اور آخر میں اسے 21-13 سے جیت لیا۔ اس مقابلہ کو جیتنے کے ساتھ ہی سندھو کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئی ہیں اور ریو اولمپکس میں نقرئی تمغہ حاصل کرنے والی سندھوں نے اس مرتبہ بھی تمغہ جیتنے کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے۔

پی سی سندھو نے اس سے قبل گروپ جے کے اپنے پہلے میچ میں اسرائیل کی سینیا پولیکارپوا کو محض 28 منٹ میں ہی 21-7، 21-10 سے مات دی تھی۔ جبکہ گروپ جے کے اپنے دوسرے میچ میں انہوں نے ہانگ کانگ کی کھلاڑی نگان چیونگ کے خلاف سیدھے گیم میں 21-9، 21-16 سے جیت حاصل کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔