مرکزی کابینہ نے نئی ’کھیل پالیسی 2025‘ کو دی منظوری، کھیل کی دنیا میں ہندوستان کو ’سپر پاور‘ بنانے کی تیاری
مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بتایا کہ نئی کھیل پالیسی سے ملک بھر میں کھیل انفراسٹرکچر اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کا راستہ ہموار ہوگا۔

اشونی ویشنو، تصویر: آئی اے این ایس
مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں آج نئی ’کھیل پالیسی 2025‘ کو منظوری دے دی گئی۔ مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ روزگار سے منسلک حوصلہ افزائی منصوبہ (اخراجات 1.07 لاکھ کروڑ روپے)، ریسرچ ڈیولپمنٹ اینڈ اینوویشن (آر ڈی آئی) منصوبہ (اخراجات 1 لاکھ کروڑ روپے)، قومی کھیل پالیسی 2025 اور پرمکوڈی-رامناتھ پورم قومی شاہراہ کو 4 لین (اخراجات 1853 کروڑ روپے) کا بنانے سے متعلق منصوبہ کو مرکزی کابینہ سے منظوری مل گئی ہے۔
اشونی ویشنو کے مطابق نئی کھیل پالیسی سے ملک بھر میں کھیل انفراسٹرکچر اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کا راستہ ہموار ہوگا۔ کابینہ نے روزگار سے متعلق جس حوصلہ افزائی منصوبہ کو منظوری دی ہے، اس کے ذریعہ مینوفیکچرنگ سیکٹر پر توجہ رہے گی۔ یہ 2 حصوں میں منقسم ہوگا اور یہ منصوبہ ایمپلائرس کو پہلی بار کام پر رکھنے والوں کو حوصلہ بخشنے کے لیے ہے۔
جہاں تک نئی قومی کھیل پالیسی (این ایس پی) 2025 کا سوال ہے، یہ ’کھیل پالیسی 2001‘ کی جگہ لے گی۔ اس کا مقصد کھیل کی دنیا میں ہندوستان کو ’سپر پاور‘ بنانا ہے۔ ساتھ ہی اولمپک 2036 سمیت دیگر بین الاقوامی انعقادات میں مضبوط دعویداری پیش کرنا ہے۔ این ایس پی-2025 کو بنانے میں مرکزی وزارتوں، نیتی آیوگ، ریاستی حکومتوں، قومی کھیل فیڈریشنز، اتھلیٹس، ماہرین اور عوام سے مشورے کیے گئے۔ اس پالیسی کی اہم بنیادیں ہیں– 1. عالمی اسٹیج پر بہترین کارکردگی کا ہدف، 2. معاشی ترقی میں کھیل کا کردار، 3. سماجی ترقی میں کھیل کا تعاون، 4. عوامی تحریک کی شکل میں کھیل، 5. تعلیم سے انسلاک۔ اس کے ساتھ ہی نئی پالیسی میں اسٹریٹجک ڈھانچے پر توجہ دی گئی ہے۔ اس میں ریگولیٹری سسٹم، پرائیویٹ فائنانسنگ، تکنیک اور اینوویشن کا استعمال اور مانیٹرنگ سسٹم کو شامل کیا گیا ہے۔ حکومت کا ماننا ہے کہ یہ پالیسی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کے لیے ایک مثالی پالیسی کا کام کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔