ایودھیا میں ریسلنگ فیڈریشن کا مجوزہ اجلاس منسوخ، کھیل کود کی وزارت نے لگائی تھی روک، کیا تھی برج بھوشن کی تیاری؟

امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ریسلنگ فیڈریشن میں جاری افرا تفری کے درمیان فیڈریشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ آج کوئی فیصلہ لے سکتے ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس، یو این آئی</p></div>

تصویر آئی اے این ایس، یو این آئی

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کا آج 22 جنوری کو ایودھیا، اتر پردیش میں مجوزہ اجلاس منسوخ کر دیا گیا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ریسلنگ فیڈریشن میں جاری افرا تفری کے درمیان فیڈریشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ آج کوئی فیصلہ لے سکتے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس اجلاس میں برج بھوشن ایگزیکٹو ممبران کے سامنے اپنا موقف پیش کرنے والے تھے۔ ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن نے ہی اتوار کو اتر پردیش کے ایودھیا میں ریسلنگ فیڈریشن کی ایگزیکٹو میٹنگ طلب کی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ میٹنگ منسوخ کرنے کا فیصلہ وزارت کھیل کی روک کی وجہ سے کیا گیا ہے، لہذا اب یہ میٹنگ 4 ہفتے تک نہیں ہو سکے گی۔

اس سے قبل ہفتہ کو وزارت کھیل نے ریسلنگ فیڈریشن کے اسسٹنٹ سکریٹری ونود تومر کو بے ضابطتی کے الزام میں معطل کر دیا تھا۔ اس کے ساتھ پہلوانوں کے الزامات کی تحقیقات مکمل ہونے تک ریسلنگ کی سرگرمیوں پر فوری طور پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ وزارت کھیل کی اس پابندی کی وجہ سے آج کا اجلاس منسوخ کرنا پڑا۔ قبل ازیں وزیر کھیل نے اس معاملے پر مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ کمیٹی 4 ہفتوں میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔


خیال رہے کہ 18 جنوری کو ونیش پھوگاٹ، بجرنگ پونیا، ساکشی ملک سمیت تقریباً 30 پہلوان دہلی کے جنتر منتر پر ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے خلاف دھرنے پر بیٹھ گئے تھے۔ بعد ازاں اس دھرنے میں 200 سے زائد کھلاڑی شامل ہو گئے۔ انہوں نے ریسلنگ فیڈریشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ اور کچھ کوچز پر اولمپک جیتنے والے کھلاڑیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا۔ پہلوانوں نے ڈبلیو ایف آئی کے صدر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔

ریسلر ونیش پھوگاٹ نے کہا تھا کہ ان کے الزامات درست ہیں اور متاثرین کو سب کے سامنے آنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ انہوں نے ہا ’’ہم اپنی عزت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہم پورے ملک کو نہیں بتانا چاہتے کہ ملک کی بیٹیوں کے ساتھ کیا ہوا ہے۔ جس دن تمام لڑکیاں میڈیا کو بتائیں گی کہ ہمارے ساتھ کیا ہوا، وہ ریسلنگ کے لیے تباہی کا باعث ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا تھا کہ اگر مطالبہ نہیں مانا گیا تو تمام پہلوان متاثرین کے ساتھ ایف آئی آر درج کرائیں گے اور ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کو جیل بھجوائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔