سلمان خان کھو کھو عالمی کپ کے برانڈ امبیسڈر بنے، 24 ممالک کے اس ٹورنامنٹ کی ہندوستان کر رہا میزبانی
سلمان خان نے کہا کہ ہندوستان میں پہلی بار ہونے جا رہے کھو کھو عالمی کپ سے جڑنے پر مجھے خوشی ہو رہی ہے، یہ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں ہے بلکہ ہندوستان کی مٹی، روح اور طاقت کو ایک خراج عقیدت ہے۔

ہندوستان 2025 میں ہونے والے کھو کھو عالمی کپ کی میزبانی کرنے والا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں 24 ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ بالی ووڈ سپراسٹار سلمان خان کو 2025 میں ہونے والے اس کھو کھو عالمی کپ کا برانڈ امبیسڈر بنایا گیا ہے۔
حال ہی میں جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد ہوا تھا۔ اس میں کھو کھو فیڈریشن آف انڈیا کے چیف سدھانشو متل، جنرل سکریٹری ایم ایس تیاگی سمیت دیگر سرکردہ افراد بھی موجود تھے۔ اسی پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا گیا کہ سلمان خان ٹورنامنٹ کے برانڈ امبیسڈر کی شکل میں کام کریں گے۔ اس اعلان کے بعد سلمان خان بھی انتہائی پُرجوش دکھائی دے رہے ہیں۔
سلمان خان نے کھو کھو عالمی کپ کا برانڈ امبیسڈر بنائے جانے کے بعد اپنا پہلا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان میں پہلی بار ہونے جا رہے کھو کھو عالمی کپ سے جڑنے پر مجھے خوشی ہو رہی ہے۔ یہ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں ہے، بلکہ ہندوستان کی مٹی، روح اور طاقت کو ایک خراج عقیدت ہے۔ ہم سبھی لوگوں نے، جس میں سے میں بھی ایک ہوں، اپنی زندگی میں کبھی نہ کبھی کھو کھو کھیلا ہے۔‘‘ سلمان خان نے اس کھیل کے بارے میں تذکرہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’یہ ایک ایسا کھیل ہے جس نے ہمیشہ عالمی سطح پر سبھی کی توجہ اپنی طرف مرکوز کی ہے۔ آئیے ہم ایک ساتھ عالمی سطح پر اس کا جشن منائیں۔‘‘
واضح رہے کہ کھو کھو عالمی کپ کا انعقاد 13 جنوری سے 19 جنوری 2025 تک نئی دہلی میں ہوگا۔ سلمان خان کے برانڈ امبیسڈر بننے سے یقیناً اس عالمی کپ کی طرف سبھی کی نظر جائے گی۔ سدھانشو متل نے اس تعلق سے کہا کہ ’’ہم سلمان خان کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے مصروف اوقات میں سے ہماری مٹی کے کھیل کے لیے وقت نکالا۔ اسپورٹس کے لیے ان کا جنون قابل ترغیب ہے۔ ہمیں بھروسہ ہے کہ وہ آنے والے عالمی کپ پر پورے ملک کی توجہ کھیچنیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔