ومبلڈن: راجر فیڈرر کو غیر متوقع طور پر پولینڈ کے ہوبرٹ ہرکاز کے ہاتھوں شکست، چیمپین شپ سے باہر

ہوبرٹ ہرکاز نے راجر فیڈرر کو 3-6، 6-7 اور 0-6 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ حریف کھلاڑی نے راجر فیڈرر کو تیسرے سیٹ میں ایک بھی گیم جیتنے نہیں دیا

راجر فیڈرر اور ہوبرٹ ہرکاز / Getty Images
راجر فیڈرر اور ہوبرٹ ہرکاز / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

لندن: سوئس کھلاڑی راجر فیڈرر ومبلڈن ٹینس چیمپئن شپ سے باہر ہوگئے ہیں، انہیں کوارٹر فائنل میں پولینڈ کے ہوبرٹ ہرکاز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پولینڈ کے ہوبرٹ ہرکاز نے راجر فیڈرر کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست سے دوچار کیا۔ ہوبرٹ ہرکاز نے راجر فیڈرر کو 3-6، 6-7 اور 0-6 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ حریف کھلاڑی نے راجر فیڈرر کو تیسرے سیٹ میں ایک بھی گیم جیتنے نہیں دیا۔

خیال رہے کہ ومبلڈن کی تاریخ میں پہلی بار فیڈرر کوئی گیم جیتے بغیر سیٹ ہارے ہیں۔ جبکہ 14ویں مقام والے کھلاڑی ہوبرٹ ہرکاز پہلی مرتبہ ومبلڈن کے سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔ روجر فیڈرر نے اپنی زندگی میں 8 مرتبہ ومبلڈن اور مجموعی طور پر 20 گرینڈ سلیم حاصل کر رکھے ہیں جبکہ فیڈرر کو ہرانے والے ہرکاز عمر میں ان سے 15 سال چھوٹے ہیں۔


راجر فیڈرر نے ومبلڈن میں 119 میچ کھیلے ہیں اور انہیں صرف 14 مرتبہ ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ 105 میچوں میں انہوں نے جیت حاصل کی ہے۔ اگلے مہینے 40 برس کے ہونے جا رہے فیڈرر اپنے 21ویں گرینڈ سلیم خطاب کو جیتنے کے لئے میدان میں اترے تھے لیکن وہ کسی بھی لمحہ رنگ میں نظر نہیں آئے۔

ادھر، ہرکاز کبھی گرینڈ سلیم میں تیسرے مرحلہ سے آگے نہیں بڑھ پائے تھے اور وہ روجر فیڈرر کو اپنے لئے مثالی شخصیت قرار دیتے ہیں۔ جیت کے بعد ہرکاز نے کہا کہ راجر کے سامنے کھیلنا کسی اعزاز سے کم نہیں تھا۔ ایسا لگا گویا کوئی خواب شرمندہ تعبیر ہو گیا ہو۔ ہرکاز ومبلڈن میں کے سیمی فائنل میں پہنچنے والے پولینڈ کے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل 2013 میں جیرجی جانوویز یہاں تک پہنچے تھے۔

تصور کیا جا رہا ہے کہ فیڈر آخری مرتبہ ومبلڈن میں نظر آئے ہیں۔ انہوں نے سال 2020 میں اپنے گھنٹوں کی سرجری کرائی تھی۔ اس کے علاوہ اب عمر بھی انہیں پہلے کے مقابلہ سست بنا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔