نیرج چوپڑا کی شاندار واپسی، پیرس ڈائمنڈ لیگ میں 88.16 میٹر کے تھرو کے ساتھ سیزن کی پہلی فتح
نیرج چوپڑا نے پیرس ڈائمنڈ لیگ میں 88.16 میٹر کی تھرو کر کے سیزن کی پہلی جیت حاصل کی۔ یہ ان کی ڈائمنڈ لیگ کی پانچویں جیت ہے، جہاں انہوں نے ویبر اور دا سلوا کو پیچھے چھوڑا

نیرج چوپڑا / فائل تصویر / آئی اے این ایس
ہندوستانی ایتھلیٹکس کا روشن ستارہ نیرج چوپڑا جمعہ، 20 جون 2025 کو پیرس میں ایک بار پھر چمک اٹھا۔ جیولن تھروور نیرج نے ڈائمنڈ لیگ کے مقابلے میں 88.16 میٹر کی شاندار تھرو کر کے نہ صرف سیزن کی پہلی فتح حاصل کی بلکہ یہ ان کے کیریئر کی مجموعی طور پر پانچویں ڈائمنڈ لیگ جیت بھی بنی۔ یہ کامیابی انہوں نے اپنی پہلے ہی تھرو میں حاصل کی، جس کے بعد باقی راؤنڈز میں بھلے ہی وہ بہترین فاصلہ حاصل نہ کر سکے لیکن وہ مسلسل سبقت بنائے رکھنے میں کامیاب رہے۔
مقابلے سے پہلے سب کی نظریں جرمنی کے جولیئن ویبر پر تھیں، جنہیں نیرج کے لیے سب سے بڑا چیلنج سمجھا جا رہا تھا۔ ویبر نے 2023 کی دوحہ لیگ میں نیرج کو ہرایا تھا لیکن اس بار نیرج نے انہیں پہلے ہی راؤنڈ میں پیچھے چھوڑ دیا۔ نیرج کی پہلی تھرو 88.16 میٹر کی رہی جبکہ ویبر نے 86.20 میٹر تھرو کیا۔ باقی راؤنڈز میں دونوں کھلاڑیوں کی کارکردگی میں اتار چڑھاؤ رہا، مگر نیرج کی ابتدائی برتری ہی انہیں فتح دلا گئی۔ ویبر پورے مقابلے کے دوران نیرج کو پیچھے چھوڑنے میں ناکام رہے۔
مقابلے کے دوران جب لگ رہا تھا کہ تیسرے نمبر پر ٹرینیڈاڈ کے کیشوورن والکاٹ رہیں گے، تبھی برازیل کے موریسیو لوئز دا سلوا نے 86.20 میٹر کا شاندار تھرو کیا اور نہ صرف برونز میڈل حاصل کیا بلکہ نیا براعظمی ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔ یہ لمحہ شائقین کے لیے حیران کن مگر جوش سے بھرپور تھا۔
نیرج چوپڑا کی یہ ڈائمنڈ لیگ میں پانچویں جیت رہی۔ اس سے پہلے وہ لوزین 2022، زیورخ فائنل 2022، دوحہ 2023 اور لوزین 2023 میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ ان فتوحات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ نیرج صرف ایک وقتی اولمپک چیمپئن نہیں، بلکہ مسلسل شاندار کارکردگی دکھانے والے عالمی معیار کے ایتھلیٹ ہیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ نیرج نے آٹھ سال بعد پیرس کی ڈائمنڈ لیگ میں شرکت کی، جہاں وہ آخری بار 2017 میں جونیئر ورلڈ چیمپئن کے طور پر پانچویں نمبر پر رہے تھے۔ آج وہی نیرج چوپڑا اس اسٹیڈیم میں سرفہرست رہے، جو ان کی انتھک محنت، ذہنی مضبوطی اور عالمی سطح پر ابھرتی قیادت کا ثبوت ہے۔
اب نیرج 24 جون کو چیک جمہوریہ کے شہر اوسٹراوا میں ہونے والے گولڈن اسپائک ایتھلیٹکس میٹ میں شریک ہوں گے۔ اس کے بعد 4 جولائی کو وہ ’نیرج چوپڑا کلاسک‘ میں نظر آئیں گے، جو ان کے نام سے پہلی بار منعقد ہونے والی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ہے۔ یہ نہ صرف ان کے کیریئر کا نیا باب ہے بلکہ ہندوستانی ایتھلیٹکس کی تاریخ میں بھی ایک یادگار لمحہ ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔