نیرج چوپڑا نے پھر کیا کمال، پہلی بار جیتا گولڈن اسپائک میٹ کا خطاب

پیرس ڈائمنڈ لیگ جیتنے کے محض 4 چار دن بعد نیرج چوپڑا نے ایک اور کامیابی حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے اس مقابلے میں 85.29 میٹر کا سب سے بہتر تھرو پھینکتے ہوئے گولڈن اسپائک میٹ کا خطاب اپنے نام کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>نیرج چوپڑا۔ تصویر ’فیس بُک‘</p></div>

نیرج چوپڑا۔ تصویر ’فیس بُک‘

user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے اسٹار بھالا پھینک ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے اپنا شاندار مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے گولڈن اسپائک میٹ 2025 کا خطاب اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے پیرس ڈائمنڈ لیگ جیتنے کے محض 4 چار دن بعد ایک اور کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اس مقابلے میں 85.29 میٹر کا سب سے بہتر تھرو پھینکتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی۔ یہ مقابلہ ورلڈ ایتھلیٹکس سب کانٹی نینٹل ٹور کے گولڈ سطح کا ٹورنامنٹ تھا جس میں 9 ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔ نیرج نے پہلی بار اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیتے ہوئے خطاب اپنے نام کر لیا۔

گزشتہ دو سیزن میں نیرج فٹنیس کی وجوہات سے اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے پائے تھے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ان کے کوچ جان جیلنجی نے اس میٹ میں اب تک 9 خطاب اپنے نام کیے ہیں اور اب نیرج نے بھی اسی لسٹ میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ 27 سال کے نیرج چوپڑا نے اس سیزن میں اب تک شاندار مظاہرہ کیا ہے۔


مئی میں دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں انہوں نے 90 میٹر کی دوری پار کرتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد پیرس ڈائمنڈ لیگ میں جیت اور اب گولڈن اسپائک میٹ کا خطب جیت کر نیرج چوپڑا نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ پیرس اولمپکس 2024 کے بعد بھی اپنے پورے فارم میں ہیں اور مسلسل نئی بلندیوں تک پہنچ رہے ہیں۔

نیرج چوپڑا نے اس سے پہلے بھی اوسٹراوا میں حصہ لیا ہے، لیکن گولڈن اسپائک میں نہیں۔ وہ 2018 میں آئی اے اے ایف کانٹی نینٹل کپ میں حصہ لینے والی ایشیاء پیسفک ٹیم کا حصہ تھے اور 80.24 میٹر کے تھرو کے ساتھ چھٹے مقام پر رہے۔


واضح رہے کہ ویبر نے 16 مئی کو دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں اور 23 مئی کو پولینڈ میں جانوس کُسوسنسکی میموریل میٹ میں چوپڑا کو ہرایا تھا، لیکن ہندوستانی کھلاڑی نے 20 جون کو پیرس میں 88.16 میٹر کے اپنے پہلے راؤنڈ کے تھرو کے ساتھ انہیں پیچھے چھوڑ دیا۔ پیرس سے پہلے چوپڑاا نے اپنا آخری ڈائمنڈ لیگ خطاب جون 2023 میں لُوسانے میں 87.66 میٹر کے تھرو کے ساتھ جیتا تھا۔

نیرج چوپڑا کا اگلا ٹورنامنٹ اب این سی کلاسک ہوگا جس کی میزبانی وہ 5 جولائی کو بنگلورو میں کر رہے ہیں۔ پیٹرس اور روہلر بھی بنگلورو میں مقابلہ کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔