’کھو کھو‘ کو نہرو اسٹیڈیم میں مستقل جگہ مل گئی
سدھانشو متل نے بتایا کہ یہ پورے کھو کھو فیملی کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔ قومی یوم کھیل کے مبارک دن کے موقع پر ہمیں کھو کھو کھلاڑیوں کے لیے ایک مستقل جگہ مل گئی ہے۔

نئی دہلی: قومی یوم کھیل کے موقع پر کھو کھو فیڈریشن آف انڈیا (کے کے ایف آئی) کے صدر سدھانشو متل نے اتوار کو جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں ایک سرکاری کھو کھو گراؤنڈ کا افتتاح کیا۔ جونیئر نیشنل کے لیے سلیکشن ٹرائل بھی یہاں منعقد ہوگا۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سدھانشو متل نے مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (ایس اے آئی) کا تاریخی جے ایل این اسٹیڈیم میں دیسی کھیلوں کے لیے جگہ فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
سدھانشو متل نے بتایا کہ"یہ پورے کھو کھو فیملی کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔ قومی یوم کھیل کے مبارک دن کے موقع پر ہمیں کھو کھو کھلاڑیوں کے لیے ایک مستقل جگہ مل گئی ہے۔ کئی بین الاقوامی کھو کھو کھلاڑی یہاں آئیں گے۔ یہاں کھلاڑیوں کے لیے اچھی سہولیات موجود ہیں۔ میں وزارت کھیل، سائی اور جواہر لال نہرو اسٹیڈیم کے منتظمین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے کھو کھو کو فروغ دینے میں مدد کی۔ آج قومی یوم کھیل ہے، اس سے ہمارے جوش میں اضافہ کر دیا ہے۔
دریں اثنا کے کے ایف آئی کے جنرل سکریٹری ایم ایس تیاگی نے بھی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ "سب سے پہلے میں قومی یوم کھیل پر سب کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ ہندوستان کھیلوں میں ترقی کرے اور عالمی طاقت بنے۔ ہمارے یہاں جے ایل این میں ایک مستقل جگہ ہے اور آپ یہاں ہر کھو کھو سے محبت کرنے والوں کی آنکھوں میں جوش دیکھ سکتے ہیں۔ ہمارے صدر سدھانشو جی اس کھیل کو دنیا میں مشہور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور اس کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ " انہوں نے مزید بتایا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارے کھلاڑیوں کو بڑے ایونٹس کے لیے بہترین سہولیات ملے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔