انٹرنیشنل کشتی کھلاڑی رونق گولیا نے جیلر سے پریشان ہو کر کاٹ لی ہاتھ کی نس، کوچ نے پہنچایا اسپتال

خودکشی کی کوشش سے پہلے رونق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انھوں تہاڑ جیل کے جیلر کے ذریعہ لگائے گئے الزام  کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور بتایا۔

<div class="paragraphs"><p>انٹرنیشنل کشتی کھلاڑی رونق گولیا</p></div>

انٹرنیشنل کشتی کھلاڑی رونق گولیا

user

قومی آوازبیورو

ہریانہ کے ہسار میں رہنے والی بین الاقوامی خاتون کشتی کھلاڑی رونق گولیا کے ذریعہ خودکشی کی کوشش نے سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق رونق گولیا اور ان کے شوہر انکت گولیا کے خلاف دہلی کے تہاڑ جیل کے جیلر دیپک شرما نے ٹھگی کا الزام عائد کرتے ہوئے کیس درج کروایا تھا۔ اس سے پریشان ہو کر رونق گولیا نے ہسار کے 17-16 سیکٹر واقع اپنے گھر پر ہاتھ کی نس کاٹ لی اور جان دینے کی کوشش کی۔ اچھی بات یہ رہی کہ رونق کے کوچ کو اس واقعہ کی خبر ملی اور انھوں نے فوراً رونق کو پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا۔

دراصل کودکشی کی کوشش سے ٹھیک پہلے رونق نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی تھی۔ اس ویڈیو میں انھوں نے خود کو بے قصور بتایا اور کہا کہ جیلر دیپک شرما نے اس پر غلط الزام لگایا ہے۔ اس انسٹاگرام ویڈیو کو رونق گولیا کے کوچ نے دیکھ لیا اور فوراً اس کے گھر پہنچے۔ زخمی حالت میں پڑی رونق کو انھوں نے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا، پھر اسپتال میں ہی ہسار پولیس نے رونق کا بیان درج کر جانچ شروع کر دی ہے۔


رونق کا کہنا ہے کہ اس کے خلاف ایک خبر چل رہی ہے جو پوری طرح بے بنیاد ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’جیلر میرے نام سے وائرل کر رہا ہے کہ 51 لاکھ روپے ٹھگ لیے گئے ہیں۔ جبکہ اس تاریخ کو میں ہندوستان سے باہر تھی۔ جس کمپنی کو بند ہوئے ڈیڑھ سال ہوا ہے، اس کمپنی کا نام لیا جا رہا ہے، حالانکہ وہ کمپنی 50 لاکھ کی بھی نہیں ہے۔‘‘ رونق آگے کہتی ہیں کہ ’’میرے خلاف کوئی بھی ثبوت ہے تو گرفتار کر لو۔‘‘

رونق نے بتایا کہ ان کے شوہر انکت گولیا اور دیپک شرما کی جان پہچان تھی۔ انکت اور دیپک مل کر سٹہ بازی آن لائن ایپ اور شراب سپلائی کا کام کرنے لگے اور دونوں کے درمیان پیسے کا لین دین ہے۔ رونق بتاتی ہیں کہ ’’اس معاملے کی جانکاری مجھے اپریل 2023 میں ملی۔ اس کے بعد سے ہی میری اپنے شوہر سے اَن بن ہے اور میں الگ ہسار میں رہ رہی ہوں۔‘‘ رونق نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ دو تین مہینے سے دیپک کا فون آنے لگا اور رات کو 12 بجے بھی فون کر کے پریشان کیا جانے لگا۔ جیلر دیپک شرما کبھی انھیں پولیس کے ذریعہ اور کبھی غنڈوں کے ذریعہ دھمکی دینے لگا کہ تیرا کیریر ختم کر دوں گا۔ رونق گولیا کا کہنا ہے کہ ’’ان سب کا اثر میرے کھیل پر بھی بہت زیادہ ہوا۔ گزشتہ دنوں ورلڈ ریسلنگ کی ٹرائل میں میری کشتی بہت اچھی رہی، لیکن اسی پریشانی کی وجہ سے میں ذہنی طور پر اپنی توجہ کھیل پر مرکوز نہیں کر پائی۔ اسی دھمکی اور ٹارچر سے پریشان ہو کر میں نے (خودکشی کرنے کا) یہ قدم اٹھایا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔