ہندوستان کی شیتل دیوی بنی ’پیراورلڈ آرچری چمپئن شپ‘ کی فاتح، ترکیہ کی کھلاڑی کو شکست دے کر حاصل کیا طلائی تمغہ
شیتل نے ترکیہ کی عالمی نمبر 1 اوجنور کیور گِردی کو 143-146 پوائنٹس سے شکست دے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ شیتل دیوی اس مقابلے میں واحد کھلاڑی تھیں جو اپنے پیروں اور ٹھوڑی کا استعمال کر کے تیر چلاتی ہیں۔

ہندوستان کی 18 سالہ معذور تیر انداز شیتل دیوی نے ’پیراورلڈ آرچری چمپئن شپ‘ میں طلائی تمغہ حاصل کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ بغیر ہاتھوں کے تیر چلانے والی اس ہندوستانی کھلاڑی نے پیرا ورلڈ آرچری چیمپئن شپ میں خواتین کے کمپاؤنڈ انفرادی مقابلے کا طلائی تمغہ حاصل کر ہندوستان کا پرچم بلند کر دیا۔ شیتل نے ترکیہ کی عالمی نمبر 1 اوجنور کیور گِردی کو 143-146 پوائنٹس سے شکست دے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ شیتل دیوی اس مقابلے میں واحد کھلاڑی تھیں جو اپنے پیروں اور ٹھوڑی کا استعمال کر کے تیر چلاتی ہیں۔ یہ اس چیمپئن شپ میں ان کا تیسرا تمغہ رہا۔
اس سے قبل شیتل نے کمپاؤنڈ مکسڈ ٹیم ایونٹ میں تومن کمار کے ساتھ مل کر کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ ہندوستانی جوڑی نے برطانیہ کی جوڑی جوڈی گرینہم اور ناتھن میک کوئین کو 149-152 سے شکست دی تھی۔ خواتین کے کمپاؤنڈ اوپن ٹیم ایونٹ میں شیتل اور سریتا کی جوڑی کو فائنل میں ترکیہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔
انفرادی فائنل میچ نہایت سنسنی خیز رہا۔ پہلا راؤنڈ 29-29 سے برابر رہا، لیکن شیتل نے دوسرے راؤنڈ میں لگاتار تین ’10‘ اسکور کرتے ہوئے 27-30 سے برتری حاصل کی۔ تیسرا راؤنڈ پھر 29-29 سے برابر رہا۔ چوتھے راؤنڈ میں شیتل سے معمولی غلطی ہوئی اور انہوں نے 28 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ گِردی نے ایک پوائنٹ کے فرق سے راؤنڈ جیت لیا۔ اس کے باوجود شیتل دو پوائنٹس کی برتری کے ساتھ 114-116 سے آگے تھیں۔ آخری راؤنڈ میں شیتل نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے لگاتار تین ’پرفیکٹ 10‘ مارے اور 30 پوائنٹس حاصل کر کے طلائی تمغہ کو یقینی بنا دیا۔
یہ طلائی تمغہ عالمی چمپئن شپ میں شیتل کا پہلا انفرادی میچ میں حاصل طلائی تمغہ ہے۔ سیمی فائنل میں جموں و کشمیر کی اس کھلاڑی نے برطانیہ کی جوڈی گرینہم کو 140-145 سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ یہ فائنل 2023 پلسن ورلڈ چیمپئن شپ کا ری میچ تھا، جہاں گِردی نے شیطل کو 138-140 سے شکست دی تھی۔ اس بار شیتل نے بدلہ لیتے ہوئے شاندار فتح حاصل کی۔
اوپن ٹیم فائنل میں شیتل اور سریتا کی جوڑی نے شاندار آغاز کیا تھا۔ ہندوستانی جوڑی نے پہلے راؤنڈ میں ترکیہ کی جوڑی اوجنور کیور گِردی اور بُرسہ فاطمہ اُن کو 37-38 سے پیچھے چھوڑا۔ لیکن دوسرے راؤنڈ میں ترکیہ کی جوڑی نے واپسی کی اور اسکور 76-76 سے برابر کر دیا۔ تیسرے راؤنڈ میں ہندوستانی جوڑی دباؤ میں آگئی اور صرف 36 پوائنٹس بنا سکی، جبکہ ترکیہ نے 37 پوائنٹس لے کر برتری حاصل کر لی۔ آخری راؤنڈ میں ترکیہ کی جوڑی نے تقریباً پرفیکٹ اسکور 40/39 بنایا۔ ہندوستانی ٹیم صرف 36 پوائنٹس بنا سکی، جس میں ایک تیر 7-رِنگ میں لگا۔ اس طرح ترکیہ نے 4 پوائنٹس کے فرق سے طلائی تمغہ جیت لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔