ویٹ لفٹر لوپریت نے قومی ریکارڈ کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا، ہندوستان کا 14واں تمغہ

ویٹ لفٹر لوپریت سنگھ نے مردوں کے 109 کلوگرام زمرے میں کل 355 کلوگرام وزن اٹھا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا، ہندوستان نے 2018 کے کامن ویلتھ گیمز کے ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں 5 گولڈ کے ساتھ 9 تمغے حاصل کئے تھے

ویٹ لفٹر لوپریت سنگھ / ٹوئٹر
ویٹ لفٹر لوپریت سنگھ / ٹوئٹر
user

یو این آئی

برمنگھم: ویٹ لفٹر لوپریت سنگھ نے بدھ کے روز 109 کلوگرام زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا جس کے بعد دولت مشترکہ کھیل 2022 میں ہندوستان کے تمغوں کی کل تعداد 14 ہو گئی۔ لوپریت نے اسنیچ میں 163 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 192 کلوگرام کی کوشش کے ساتھ مجموعی طور پر 355 کلو گرام کا وزن ریکارڈ کیا۔ انہوں نے کلین اینڈ جرک کا نیا قومی ریکارڈ بھی قائم کیا۔

اس کے بعد انہوں نے کلین اینڈ جرک میں 192 کلوگرام وزن اٹھا کر کانسی کا تمغہ جیتا۔ یہ ہندوستان کا کامن ویلتھ گیمز 2022 ویٹ لفٹنگ میں 9واں تمغہ (3 طلائی، 3 چاندی، 3 کانسی) ہے۔ خیال رہے کہ ہندوستان نے کامن ویلتھ گیمز 2018 کے ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں 5 گولڈ کے ساتھ 9 تمغے حاصل کئے تھے۔


دریں اثنا، کیمرون کے پرسیلیکس نیبایو جونیر نے 361 کلوگرام (اسنیچ 160، کلین اینڈ جرک 201) کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ ساموآ کے جیک اوپیلوگی نے 358 کلو گرام (اسنیچ 164، کلین اینڈ جرک 194) کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

لوپریت سنگھ 6 ستمبر 1997 کو پنجاب میں پیدا ہوئے۔انہوں نے اپنے ویٹ لفٹنگ کیرئیر میں کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ جیسے بڑے ویٹ لفٹنگ مقابلوں میں کامیابی حاصل کی۔ لوپریت سنگھ قومی سطح پر ہندوستانی بحریہ کے لیے کھیلتے ہیں۔ انڈین نیوی کی طرف سے کھیلتے ہوئے ویٹ لفٹنگ کرتے ہیں۔ کئی مقابلے جیت چکے ہیں۔


حسام الدین سیمی فائنل میں، تمغہ یقینی

ہندوستانی باکسر محمد حسام الدین نے کامن ویلتھ گیمز 2022 کے 57 کلوگرام فیدر ویٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا کر اپنے لیے ایک تمغہ یقینی کرلیا ہے۔ حسام الدین نے تین راؤنڈ کے کوارٹر فائنل میچ میں نامیبیا کے ٹرائیگن مارننگ اونڈیویلو کو 4-1 سے شکست دی۔ اس سے قبل خاتون باکسر نیتو نے 48 کلوگرام کے کوارٹر فائنل میں آئرلینڈ کی نکول کلائیڈ کو شکست دے کر اپنے لیے تمغہ یقینی بنایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔