مردوں کے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم نے ارجنٹینا کو 2-4 سے دی شکست، 9 سال بعد ملا تمغہ
ہندوستان کے لیے انکت پال نے 49 ویں منٹ میں، منمیت سنگھ نے 52 ویں منٹ میں اور انمول ایکا نے 58 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کیے، جبکہ شاردا نند تیواری نے 57 ویں منٹ میں گول داغا۔

ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدھ (10 دسمبر) کو ارجنٹینا کو شکست دے دی۔ ہندوستانی ٹیم نے ایف آئی ایچ مردوں کے جونیئر ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کو 4-2 سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ہندوستان نے 2016 میں اس ٹورنامنٹ کا خطاب جیتا تھا، اس وقت یہ مقابلہ لکھنؤ میں کھیلا گیا تھا۔ لیکن ٹیم گزشتہ 2 سیزنوں میں ’پوڈیم فنش‘ کرنے میں ناکام رہی تھی۔ اس طرح 9 سال بعد ہندوستانی مردوں کی ٹیم کو جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں کوئی تمغہ حاصل ہوا ہے۔
ہندوستان کے لیے انکت پال نے 49 ویں منٹ میں، منمیت سنگھ نے 52 ویں منٹ میں اور انمول ایکا نے 58 ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کیے، جبکہ شاردا نند تیواری نے 57 ویں منٹ میں گول داغا۔ پہلے 2 کوارٹر میں ارجنٹینا کی ٹیم مضبوط نظر آ رہی تھی اور ہندوستانی ٹیم گول کرنے کے لیے مشقت کر رہی تھی۔ ارجنٹینا کے لیے نکولس راڈرگز نے تیسرے اور سینٹیاگو فرنانڈیز نے 44 ویں منٹ میں گول داغا۔
واضح رہے کہ ہندوستان نے 2 بار اس ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم ہوبارٹ 2001 اور لکھنؤ 2016 میں چمپئن رہی، لیکن ٹیم نے آخری بار 9 سال قبل کوئی تمغہ جیتا تھا۔ گزشتہ بار ٹیم کانسی تمغہ کا مقابلہ ہار کر چوتھے مقام پر رہی تھی۔ ہندوستان آج کے مقابلہ میں پہلے کافی پیچھے چل رہا تھا، لیکن آخر کے 11 منٹ میں 4 گول کر 2021 کے چیمپئن ارجنٹینا کو کانسی تمغہ کے پلے آف مقابلہ میں ہرا دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔