کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ 2025 میں ہندوستانی بچی پریت اسمیتا نے طلائی تمغہ کیا حاصل، 150 کلو وزن اٹھایا
پریتی اسمیتا نے 44 کلو زمرہ میں سب سے زیادہ وزن اٹھا کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ اس نے اپنے زمرہ میں سب سے زیادہ 150 کلو وزن اٹھایا۔ سنیچ میں اس نے دوسرا اور کلین اینڈ جرک میں پہلا مقام حاصل کیا۔

کامن ویلتھ لفٹنگ چمپئن شپ 2025 میں ہندوستان کی 16 سالہ بچی پریتی اسمیتا بھوئی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کر لیا ہے۔ پریتی نے 44 کلوگرام زمرہ میں سب سے زیادہ وزن اٹھا کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس نے اپنے زمرے میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ 150 کلو وزن اٹھایا۔ سنیچ میں وہ دوسرے مقام پر رہی تھی، جبکہ کلین اینڈ جرک میں اس نے پہلا مقام حاصل کیا۔ دونوں ایونٹ کا مجموعی اسکور 150 کلو رہا اور وہ 10 کلو کے فرق سے پہلے مقام پر رہیں۔ پریتی نے اسنیچ میں 63 کلو وزن اٹھایا اور کلین اینڈ جرک میں اس کی تیسری کوشش 87 کلو کی سب سے زیادہ رہی۔
قابل ذکر ہے کہ پریتی اسمیتا بھوئی کی پیدائش 14 نومبر 2008 کو اڈیشہ کے ڈھینکانل میں ہوئی تھی۔ جب وہ صرف 2 سال کی تھیں تو ان کے والد کا انتقال ہو گیا۔ اس کے بعد ان کی ماں جمنا دیوی نے انھیں اور ان کی بہن ودوسمیتا کی پرورش کی۔ بے حد چھوٹی عمر میں ان دونوں کو ویٹ لفٹنگ کوچ گوپال کرشن داس کا تعاون حاصل ہوا، جنھوں نے بچی کا کیریئر بنانے میں کافی مدد کی۔ اڈیشہ حکومت نے بھی ان کی کافی مدد کی۔
دراصل اڈیشہ حکومت نے گوپال کرشن داس کے ویٹ لفٹنگ سنٹر کو ایک ذیلی سنٹر بنایا اور حکومت کی طرف سے ہر اتھلیٹ کر ہر وقت کے کھانے کے لیے 275 روپے ملے۔ اس کا فائدہ پریتی اسمیتا بھوئی کو بھی ملا اور آج دیکھیے، وہ محض 16 سال کی عمر میں کامن ویلتھ ویٹ لفٹنگ میں طلائی تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ سچ تو یہ ہے کہ پریتی کو 2023 سے ہی تمغہ جیتنے کی عادت سی بن گئی ہے۔ اس نے آئی ڈبلیو ایل ایف نیشنل یوتھ چمپئن شپ میں تیسرا مقام حاصل کیا تھا۔ اس کے بعد پٹنہ میں ہوئے کھیلو انڈیا نیشنل ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں اس نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ بعد ازاں 2024 میں پیرو میں ہوئے یوتھ ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں اوّل مقام پر رہیں۔ پیرو میں اس نے تاریخ رقم کرتے ہوئے طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔ اب کامن ویلتھ میں بھی اس نے ہندوستانی پرچم لہرا دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔