ہند۔ پاک میچ کا جوش! اشتہار کی شرحوں میں ہوشربا اضافہ، پرواز اور ہوٹل قیمتیں بھی آسمان پر
ہندوستان سے کولمبو جانے والے کرکٹ شائقین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹریول پلیٹ فارم ’ ایزی مائی ٹرپ‘ کے مطابق راؤنڈ ٹرپ ہوائی کرایے معمول سے 45 سے 50 فیصد زیادہ مہنگے ہو گئے ہیں۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں اتوار یعنی کل (15 فروری) کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں مقابلہ ہوگا۔ اس مقابلے کے لیے شائقین میں زبردست جوش دیکھا جارہا ہے۔ روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلے سے پہلے اشتہار بازارمیں بھی بھونچال آگیا ہے۔ اس میچ کے لیے کمپنیاں بڑے پیمانے پر ناظرین (ویورشپ) کا فائدہ اٹھانے کے لیے اشتہارات پربہت زیادہ پیسہ خرچ کررہی ہیں جب کہ شائقین کی بھیڑ کی وجہ سے پروازاور ہوٹل کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
ماہرین صنعت کے مطابق اس ہائی وولٹیج میچ کے لیے 10 سیکنڈ کا ٹی وی اشتہارسلاٹ 30 سے 40 لاکھ روپئے تک پہنچ گیا ہے جوعام طور پر بڑے ورلڈ کپ میچوں میں 20 سے25 لاکھ روپئے ہوتا ہے۔ آخری وقت کے اشتھاراتی سلاٹ کی قیمتوں میں 20 سے 25 فیصد اضافہ ہوچکا ہے اور میچ کے دوران ہر سیکنڈ کا سلاٹ فروخت ہو جائے گا۔ براڈ کاسٹر’جیواسٹار‘ کو پورے ٹورنامنٹ سے تقریباً 2,000 کروڑ روپئے تک اشتہار سے کمائی ہونے کی امید ہے۔
ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارم’جیو ہاٹ اسٹار‘ پر بھی اشتہار کی شرح میں زبردست اضافہ دیکھنے کوملا ہے۔ یہاں 10 سیکنڈ کے اشتہار کی قیمت 15 سے 20 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ آٹوموبائل، ایف ایم سی جی، فنانس، انشورنس اور رئیل اسٹیٹ کمپنیاں اشتہار کی جگہ حاصل کرنے کے لیے سب سے زیادہ دلچسپی دکھا رہی ہیں۔
اس ٹی20 ورلڈ کپ میں اشتہار دینے والی کمپنیوں میں ایمیریٹس،امول، اوپن اے آئی، ہنڈائی، مہندرااینڈ مہندرا،برٹانیہ اور کئی دیگر بڑے برانڈز شامل ہیں۔ مارکیٹنگ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان۔ پاکستان میچ کے اشتہارات کے نرخوں کا موازنہ سونے اور چاندی کی قیمتوں سے کیا جا رہا ہے۔
ہندوستان سے کولمبو جانے والے کرکٹ شائقین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹریول پلیٹ فارم ئ ایزی مائی ٹرپ‘ کے مطابق راؤنڈ ٹرپ ہوائی کرایے معمول سے 45 سے 50 فیصد زیادہ مہنگے ہو گئے ہیں۔ میک مائی ٹرپ نے بتایا ہے کہ 15 فروری کے ویک اینڈ کے لیے کولمبو میں بکنگ پچھلے 3 دنوں میں دگنی ہو گئی ہے۔ وہیں ’کلیئر ٹرپ‘ کے مطابق ہندوستان اور پاکستان مقابلے کی وجہ سے کولمبو کے لیے بکنگ میں تقریباً 65 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ خاص طور پر ہندوستان کے بڑے شہروں سے شائقین تیزی سے ٹکٹ بک کر رہے ہیں۔
کولمبو میں ہوٹلوں کی تلاش اور بکنگ میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہر کے مرکز میں موجود 4 اور 5 اسٹار ہوٹلوں کی مانگ سب سے زیادہ ہے اور پریمیم ہوٹلوں میں کمرے معمول سے 20 سے 25 فیصد زیادہ مہنگے ہو گئے ہیں۔ ہوٹل انڈسٹری کے مطابق تقریباً تمام اہم پراپرٹیز میچ ونڈو کے دوران فُل ہونے کے قریب ہیں۔