اولمپک کے سیمی فائنل میں ہندوستان کے پہنچنے کی پوری امید: ظفر اقبال

ظفر اقبال نے کہا کہ ہمیں کوالیفائرس میں روس کے خلاف دو میچ کھیلنے ہیں اور روس کی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھا جاسکتا لیکن مجھے یقین ہے کہ ان مقابلوں میں ہندوستان ہی فاتح رہے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستانی قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ مردوں کی ہاکی ٹیم کی تیاری بہتر چل رہی ہے اور امید ہے کہ ٹیم اگلے مہینے ہونے والے اولمپک کوالیفائرز میں روس کے خلاف جیت حاصل کرے گی اور ٹوکیو اولمپک میں سیمی فائنل تک پہنچے گی۔

ظفر اقبال نے ہفتہ کے روز آئی ایم ٹی غازی آباد اور اسپورٹس وے آف لائف کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر منعقد ہوئے ایک سیمینار میں حصہ لیا اور اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں کافی صلاحیت ہے اور اب یہاں بھی لوگ کھیلوں میں زیادہ سے زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔


اولمپک میں آخری بار 1980 میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ٹیم کے رکن ظفر نے یو این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تیاری بہت اچھی چل رہ ہے اور مجھے لگتا ہے کہ ٹیم کے کوچ گراہم ریڈ نے کھلاڑیوں کو بہتر طریقے سے سمجھ لیا ہے۔ ابھی حال ہی میں ٹیم بیلجیم گئی تھی جہاں اس نے دو ملکوں کے ساتھ پانچ مقابلے کھیلے اور بہت اچھی بات ہے کہ ہم ایک بھی میچ نہیں ہارے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اسپین کے خلاف بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اسپین کو ہمیشہ مضبوط ٹیم سمجھا جاتا ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اولمپک کوالیفائرس میں ہندوستانی ٹیم کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ ہمیں کوالیفائرس میں روس کے خلاف دو میچ کھیلنے ہیں اور روس کی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھا جاسکتا لیکن مجھے یقین ہے کہ ان مقابلوں میں ہندوستان ہی فاتح رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔