ہندستان اسپورٹس کی مضبوط طاقت بننے کی جانب گامزن: بترا

ہندستان نے ان 66 تمغوں کے ساتھ دولت مشترکہ کھیلوں کی تاریخ میں 500 تمغے بھی پورے کر لیے۔ہندستانی کھلاڑیوں نے ان کھیلوں کے دوران 11 دولت مشترکہ کھیل ریکارڈ کوبھی توڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی اواے) کے صدر ڈاکٹر نریندر دھرو بترا نے گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں کے تمغے جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندستان کھیلوں کی طاقت بننے کی صحیح سمت میں گامزن ہے۔

ہندستان نے اپنے کھلاڑیوں کے شاندار اور بااثر کھیل کی بدولت 26 طلائی، 20 چاندی اور 20 کانسہ سمیت کل 66 تمغے جیت کر 21 ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں تاریخ کا تیسرا بہترین مظاہرہ کیا۔ہندستان نے ان 66 تمغوں کے ساتھ دولت مشترکہ کھیلوں کی تاریخ میں 500 تمغے بھی پورے کر لیے۔ہندستانی کھلاڑیوں نے ان کھیلوں کے دوران 11 دولت مشترکہ کھیل ریکارڈ کوبھی توڑا۔

بترا نے کہاکہ آئی اواے کی طرف سے میں ہر اس کھلاڑی کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں جنہوں نے ان کھیلوں میں شرکت کی اور ملک کو فخریہ لمحہ فراہم کیا۔کھلاڑیوں کی محنت کا پھل سامنے آیا ہے اور میں یہ بات فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ ایک قوم کے طور پر ہم کھیل کی طاقت بننے کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

ہندستان نے 2014 کے گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں کی 15 طلائی سمیت 64 کل میڈل تعداد کو کہیں پیچھے چھوڑ دیا۔ہندوستان کی دولت مشترکہ کھیلوں میں بہترین کارکردگی اپنی میزبانی میں 2010 دہلی میں دوسرا مقام رہا تھا جہاں اس نے 38 طلائی سمیت کل 101 تمغے جیتے تھے۔ہندستان نے 2002 کے مانچسٹر دولت مشترکہ کھیلوں میں 30 طلائی سمیت 69 تمغے جیتے تھے اور اس وقت وہ چوتھے نمبر پر رہا تھا۔

آئی اواے کے صدر نے کہاکہ دولت مشترکہ کھیلوں کا یہ ورژن ہندوستانیوں کے لئے خاص رہا ہے خاص طور پر نوجوان کھلاڑیوں کے لئے جنہوں نے اپنی شاندار کارکردگی سے ملک کو فخر فراہم کیا۔میں خاص طور پر خواتین کھلاڑیوں کا ذکر بھی کرنا چاہوں گا جنہوں نے کھیلوں میں اعلی سطح کے نئے معیار قائم کیے۔یہ خاتون کھلاڑی ملک کی لڑکیوں کے لئے بلاشبہ ترغیب کا ذریعہ بن گئی ہیں۔

بترا نے ساتھ ہی کہاکہ میں تمام کھلاڑیوں کو اولمپک کے لئے نیک خواہشات دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ اپنی کارکردگی میں اور بہتری کریں گے تاکہ ہم آئندہ ایشیائی کھیلوں اور 2020 اولمپک کھیلوں میں اسی طرح شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ہندستان نے ان کھیلوں میں کئی مقابلوں میں اپنا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔خاص طور پر باکسنگ، ویٹ لفٹنگ، شوٹنگ ، ٹیبل ٹینس، کشتی اور بیڈمنٹن میں ہندستان کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی اور ہندستان نے اپنے سب سے زیادہ تمغے انہی کھیلوں میں جیتے۔

نشانہ بازی میں ہندستان نے سب سے زیادہ تمغے حاصل کئے۔نوجوان نشانےبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندستان نے سات طلائی، چار چاندی اور پانچ کانسہ کل 16 تمغے جیتے۔اس کے بعد کشتی کا نمبر رہا جہاں ہندستان نے پانچ طلائی، تین چاندی اور چار کانسہ سمیت کل 12 تمغے جیتے۔

باکسنگ اور ویٹ لفٹنگ میں ہندستانی کھلاڑیوں نے نو نو تمغے جیتے۔ویٹ لفٹنگ میں ہندوستان کو پانچ طلائی، دو چاندی اور دو کانسہ اور باکسنگ میں تین طلائی، تین چاندی اور تین کانسہ ملے۔

ٹیبل ٹینس کی کامیابی ہر لحاظ سے حیرت انگیز رہی جس میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے تین طلائی، دو چاندی اور تین کانسہ سمیت کل آٹھ تمغے جیتے۔بیڈمنٹن میں ہندستان نے دو طلائی، تین چاندی اور ایک کانسہ سمیت چھ تمغے حاصل کئے۔

ایتھلیٹکس میں ہندوستان کو ایک سنہری، ایک چاندی اور ایک کانسہ کا تمغہ ملا۔اسکواش میں ہندستان کے حصے میں دو چاندی کے تمغہ آئے۔پیرا پاورلفٹنگ میں ہندوستان کو ایک کانسہ کا تمغہ ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔