ہندوستان کو 20 سال بعد ملی کامن ویلتھ گیمز 2030 کی میزبانی، احمد آباد مہمان نوازی کے لیے تیار!

کامن ویلتھ گیمز 2030 کی میزبانی ملنے کے بعد اولمپک گیمز 2036 کی میزبانی کے لیے ہندوستان کی دعویداری مزید مضبوط ہوگی۔ کیونکہ ہندوستان 2036 کے اولمپک گیمز کی میزبانی کی بھی تیاری کر رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا، بشکریہ&nbsp;<a href="https://x.com/KirenRijiju">@KirenRijiju</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کو 20 سال بعد ایک بار پھر کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی مل گئی ہے۔ اس کا انعقاد 2030 میں گجرات کے احمد آباد میں ہوگا۔ بدھ (26 نومبر) کو اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو میں کامن ویلتھ اسپورٹس ایگزیکٹیو کی میٹنگ کے بعد احمد آباد کو ’ہوسٹ سٹی‘ قرار دیا گیا ہے، یعنی مہمان نوازی کے لیے احمد آباد تیار ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2010 میں نئی دہلی میں کامن ویلتھ گیمز کا انعقاد ہوا تھا۔ اس وقت ہندوستانی کھلاڑیوں نے 38 گولڈ سمیت 101 میڈل اپنے نام کیے تھے۔

غورطلب ہے کہ احمد آباد میں کامن ویلتھ گیمز 2030 کے انعقاد کے لیے تیاریاں پہلے ہی شروع ہو چکی ہیں۔ یہاں کھلاڑیوں، افسران اور شائقین کے لیے عالمی معیار کی سہولیات دستیاب کرائے جانے کی تیاری زوروں پر ہے۔ اہم وینیو کے طور پر نریندر مودی اسٹیڈیم، نارائن پورہ اسپورٹس کمپلیکس اور سردار ولبھ بھائی پٹیل اسپورٹس انکلیو کو سامنے رکھا گیا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز کا انعقاد کسی بھی ملک کے لیے صرف کھیل کا انعقاد نہیں ہے بلکہ یہ بین الاقوامی شبیہ، ترقی کی صلاحیت، انفراسٹرکچر اور ویژن کی علامت بھی تصور کیا جاتا ہے۔ اب تک آسٹریلیا، انگلینڈ، ہندوستان، کناڈا اور نیوزی لینڈ سمیت 9 ممالک کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کر چکے ہیں، جبکہ ہندوستان کو دوسری بار میزبانی کرنے کا موقع ملا ہے۔


کامن ویلتھ گیمز 2030 کی میزبانی ملنے کے بعد اولمپک گیمز 2036 کی میزبانی کے لیے ہندوستان کی دعویداری مزید مضبوط ہوگی۔ ہندوستان 2036 کے اولمپک گیمز کی میزبانی کی بھی تیاری کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ سے اس کا اعلان بھی کیا تھا۔ گزشتہ سال نومبر میں ہندوستان نے اولمپک گیمز 2036 کی میزبانی حاصل کرنے کے لیے دعویداری بھی پیش کی تھی۔

قابل ذکر ہے کہ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ بے حد دلچسپ ہے۔ یہ ایک ملٹی اسپورٹس انٹرنیشنل ایونٹ ہے، جس میں برطانوی حکومت والے ممالک کے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ فی الحال اس کے 54 رکن ممالک ہیں۔ اس کی شروعات 1930 میں کناڈا کے ہیملٹن شہر سے ہوئی تھی۔ پہلے اسے ’برٹش ایمپائر گیمز‘ کہا جاتا تھا، پھر 1978 میں اس کا نام ’کامن ویلتھ گیمز‘ ہو گیا۔ 2030 کے انعقاد میں کامن ویلتھ گیمز کو 100 سال مکمل ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔