میگھالیہ میں ہندوستان کے سب سے بڑے پری انجینئرڈ کمپوزٹ فٹبال اسٹیڈیم کا افتتاح

میگھالیہ میں ویسٹ گارو ہلز کے ضلع ہیڈکوارٹر میں ملک کے سب سے بڑے 'پری انجینئرڈ کمپوزٹ فٹ بال اسٹیڈیم' پی اے سنگما اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا گیا

تصویر ٹوئٹر / @SangmaConrad
تصویر ٹوئٹر / @SangmaConrad
user

یو این آئی

تورا (میگھالیہ): میگھالیہ میں ویسٹ گارو ہلز کے ضلع ہیڈکوارٹر میں ملک کے سب سے بڑے 'پری انجینئرڈ کمپوزٹ فٹ بال اسٹیڈیم' پی اے سنگما اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا گیا ہے۔ ریاست کے کھیل اور نوجوانوں کے امور کے محکمے کے ایک اہلکار نے ہفتہ کوبتایا کہ ملک کا سب سے بڑا پری انجینئرڈ کمپوزٹ فٹ بال اسٹیڈیم ٹیکنالوجی کا ایک انوکھا امتزاج ہے۔ اس میں نو ہزار 500 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

وزیراعلیٰ کونراڈ سنگما نے کہا، ’’ہمیں امید ہے کہ پی اے سنگما اسپورٹس کمپلیکس آنے والے برسوں میں ہماری ریاست اور ہمارے ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے ہمارے طویل مدتی وژن میں شامل ہوگا۔ ہم اس سنگ میل کو اپنے لوگوں، اپنے نوجوانوں اور اپنے بچوں کے لیے وقف کرتے ہیں۔


سنگما نے کہا، “یہ گارو ہلز کے سب سے قد آور لیڈروں میں سے ایک مرحوم پی اے سنگما کو عاجزانہ خراج عقیدت ہے۔ ساتھ ہی یہ حکومت کے لیے ایک بڑی حصولیابی ہے۔ یہ ہم میں سے ہر ایک کے لیے ذاتی سنگ میل ہے اور ہم اپنی ریاست کے اس عظیم رہنما کے وژن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

اسپورٹس کمپلیکس میں دیگر سہولیات بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ پورا کمپلیکس 17 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہوا ہے اور اسے 127.7 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔

افسر نے بتایا کہ جمنازیم، سوئمنگ پول، ٹیبل ٹینس ہال، اسکواش کورٹ اور بیڈمنٹن کورٹ کے ساتھ انڈور اسٹیڈیم کا دسمبر 2023 تک افتتاح کیا جائے گا۔ اسٹیڈیم میں یہ اپ گریڈ حکومت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبے کا حصہ ہے، جس میں 318 نچلی سطح پر کھیلوں کی سہولیات، جے این اسپورٹس کمپلیکس کی تزئین و آرائش، واہیازیر اسٹیڈیم کی تعمیر اور مشرقی خاصی ہلز ضلع کے جونگکشا گاؤں میں ایک انڈور اسٹیڈیم شامل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */