ہریانہ کے اتھلیٹ کھٹّر حکومت سے ناراض، انعامی تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان

باکسر منوج کمار کا کہنا ہے کہ جس طرح بی جے پی حکومت ہماری انعامی رقم میں کمی کر رہی ہے ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے کھلاڑیوں پر جی ایس ٹی چارج لگایا جا رہا ہو۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

26 اپریل کو ہریانہ کی کھٹّر حکومت ایک تقریب منعقد کر رہی ہے جس میں ریاست کے ان کھلاڑیوں کو اعزاز بخشا جائے گا جنھوں نے گولڈ کوسٹ میں ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں میں میڈل حاصل کیے ہیں۔ لیکن کئی کھلاڑیوں نے اس اعزازیہ تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ دراصل وہ ہریانہ کی بی جے پی حکومت سے ان کی کھیل پالیسیوں کی وجہ سے انتہائی ناراض نظر آ رہے ہیں۔ پہلے کی پالیسی کے مطابق دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والوں کو 1.5 کروڑ روپے، نقرئی تمغہ حاصل کرنے والوں کو 75 لاکھ روپے اور کانسے کا تمغہ حاصل کرنے والوں کو 50 لاکھ روپے دیے جانے تھے لیکن کھٹّر حکومت کی نئی پالیسی کے مطابق اگر کوئی اتھلیٹ ریلوے یا فوج میں کام کرتا ہے اور اسے وہاں سے بھی انعام حاصل ہو چکا ہے تو پھر یہ رقم ان کی انعامی رقم سے کاٹ لی جائے گی۔ گویا کہ کوئی اتھلیٹ طلائی تمغہ حاصل کرتا ہے اور وہ ریلوے میں ملازم ہونے کے سبب اس شعبہ سے 50 لاکھ روپے انعام حاصل کرتا ہے تو ہریانہ حکومت کی جانب سے اب 1.5 کروڑ کی جگہ پر محض ایک کروڑ روپے انعام میں دیئے جائیں گے۔

ریاست میں بی جے پی حکومت کی اس نئی پالیسی سے مرد و خاتون اتھلیٹ ناراض ہیں اور انھوں نے انعامی تقریب کا بائیکاٹ کرنے کا ذہن بنا لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی میں کھوٹ نظر آ رہا ہے اور یہ اتھلیٹ کی عزت افزائی کی جگہ ان کی حوصلہ شکنی کرنے والا قدم ہے۔ انعامی رقم میں ہونے والی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے نوجوان جیولن تھرووَر کھلاڑی نیرج چوپڑا کا کہنا ہے کہ ’’اگر سینئر کھلاڑیوں کو لگتا ہے کہ ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے تو میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ وہ سبھی سینئر کھلاڑی ہیں اور تقریب کو بائیکاٹ کرنے کا ان کا فیصلہ درست ہے۔‘‘

گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں کانسے کا تمغہ حاصل کرنے والے باکسر منوج کمار بھی کھٹّر حکومت کی نئی پالیسی سے برہم ہیں اور کہتے ہیں کہ ’’کسی دیگر حکومت نے پہلے اس طرح کا قدم نہیں اٹھایا ہے۔ اس حکومت نے ملازمت تو دی نہیں اور اب وہ انعامی رقم بھی کم کر رہے ہیں۔ یہ کھلاڑیوں پر جی ایس ٹی چارج لگانے جیسا ہے۔‘‘ مشہور و معروف باکسر ساکشی ملک نے بھی ہریانہ حکومت کی اس منفی سوچ کی تنقید کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہریانہ کے اتھلیٹ نے سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہندوستان کو حاصل کل میڈل کا ایک تہائی صرف ہریانہ کے کھلاڑیوں نے حاصل کیا۔ 66 میڈل میں 22 میڈل پر ہریانہ کھلاڑیوں کا قبضہ ہونے کے بعد چہار جانب اس ریاست کی واہ واہی ہو رہی تھی اور ہریانہ حکومت کو بھی تعریفیں مل رہی تھیں۔ لیکن اب جبکہ ریاست کی بی جے پی حکومت نے اتھلیٹ کی انعامی رقم کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو سبھی اتھلیٹ میں مایوسی اور ناراضگی ہونا لازمی ہے۔ یہی سبب ہے کہ نیرج چوپڑا، ونیش پھوگاٹ، منوج کمار، بجرنگ، امت پنگھال، گورو سولنکی، کرن بشنوئی وغیرہ نے انعامی تقریب کا ہی بائیکاٹ کرنے کا عزم کر لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Apr 2018, 4:47 PM