3 لاکھ دو اور گولڈ میڈل لو، نیشنل گیمز میں فکسنگ کا پردہ فاش، آئی او اے صدر پی ٹی اوشا کا اظہارِ ناراضگی
آئی او اے کی صدر پی ٹی اوشا نے کہا کہ ’’ہم تمام کھلاڑیوں کے لیے انصاف کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ یہ بے حد چونکانے والا اور افسوسناک امر ہے کہ نیشنل گیمز کے میڈلز کی سودے بازی کی جا رہی تھی۔‘‘

نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب کا منظر، تصویر@narendramodi
ہندوستان میں اولمپک طرز کا ملٹی-اسپورٹ ایونٹ یعنی ’نیشنل گیمز‘ ریاست اتراکھنڈ میں جاری ہے۔ اس بڑے ایونٹ کے درمیان فکسنگ کا ایک بڑا معاملہ سامنے آیا ہے۔ گیمز ٹیکنیکل کنڈکٹ کمیٹی (جی ٹی سی سی) نے تائیکوانڈو مقابلے کے ڈائریکٹر ٹی پروین کمار کو ہٹا دیا ہے۔ ان کی جگہ پر ایس دنیش کمار کو تائیکوانڈو مقابلہ ڈائریکٹر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ پروین کمار پر نیشنل گیمز میں تائیکوانڈو مقابلے کے نتائج میں ممکنہ ہیرا پھیری کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ کارروائی ہوئی ہے۔
واضح ہو کہ تائیکوانڈو مقابلے کے ڈائریکٹر پروین کمار پر تائیکوانڈو مقابلے میں میڈل فروخت کرنے اور میچ فکسنگ کے الزام لگے تھے۔ نیشنل گیمز میں تائیکوانڈو مقابلے کا انعقاد ہلدوانی میں کیا جا رہا ہے۔ اس کے شروع ہونے سے قبل ہی میڈل کی خرید و فروخت کے الزامات سامنے آئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق کھلاڑیوں سے گولڈ میڈل کے لیے 3 لاکھ روپے، سلور میڈل کے لیے 2 لاکھ روپے اور برانز میڈل کے لیے 1 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ اس خبر کے بعد انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے سخت کارروائی کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ تائیکوانڈو مقابلے میں 16 ویٹ کیٹیگری میں سے 10 کیٹیگری کے میڈل جیتنے والے پہلے سے ہی طے کر دیے گئے تھے۔ انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے اس پورے معاملے کی تفتیش کی اور پایا کہ کچھ افسران پہلے سے ہی میڈل کے نتیجے طے کرنے میں شامل تھے۔
انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) کی صدر پی ٹی اوشا نے اس معاملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم تمام کھلاڑیوں کے لیے انصاف کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ یہ بے حد چونکانے والا اور افسوسناک امر ہے کہ نیشنل گیمز کے میڈلز کی سودے بازی کی جا رہی تھی۔‘‘ علاوہ ازیں پی ٹی اوشا نے کہا کہ آئی او اے کسی بھی طرح کی ہیر پھیر یا بدعنوانی کو برداشت نہیں کرے گی اور جو بھی اس میں قصوروار پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملے میں جی ٹی سی سی کمیٹی کی صدر سنینا کماری نے کہا کہ ’’یہ اہم ہے کہ ہم پی ایم سی کمیٹی کی سفارشات کو ذہن میں رکھیں اور نیشنل گیمز اتراکھنڈ کی سالمیت کی حفاظت کریں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔