ڈائمنڈ لیگ فائنل: نیرج چوپڑا 85.01 میٹر تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر، جرمنی کے جولین ویبر بنے چیمپئن
سوئٹزرلینڈ کے زیورخ میں ڈائمنڈ لیگ فائنل میں نیرج چوپڑا 85.01 میٹر تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ جرمنی کے جولین ویبر نے 91.51 میٹر کے ساتھ خطاب جیت لیا

ہندوستان کے عالمی چیمپئن بھالا پھینک کھلاڑی نیرج چوپڑا سوئٹزرلینڈ کے زیورخ میں منعقدہ ڈائمنڈ لیگ فائنل میں دوسرے نمبر پر رہے۔ نیرج نے اپنے آخری اور چھٹے اٹیمپٹ میں 85.01 میٹر کا تھرو کرتے ہوئے رنر اپ پوزیشن حاصل کی۔ جرمنی کے کھلاڑی جولین ویبر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 91.51 میٹر کے تھرو کے ساتھ خطاب اپنے نام کیا۔ یہ ویبر کا ذاتی بہترین ریکارڈ بھی ثابت ہوا۔
فائنل میں نیرج کا آغاز کچھ خاص نہیں رہا۔ پہلے اٹیمپٹ میں وہ صرف 84.35 میٹر تک ہی پہنچ پائے۔ دوسری جانب ویبر نے شاندار آغاز کرتے ہوئے 91.37 میٹر کا تھرو کیا اور فوراً سبقت حاصل کرلی۔ اس کے بعد اپنے دوسرے اٹیمپٹ میں ویبر نے مزید بہتر تھرو کرتے ہوئے 91.51 میٹر کا فاصلہ طے کیا، جو ان کا نیا پرسنل بیسٹ بھی تھا۔ نیرج کا دوسرا اٹیمپٹ 82.00 میٹر پر ختم ہوا، جبکہ تیسرے، چوتھے اور پانچویں اٹیمپٹ میں وہ فاؤل کر بیٹھے۔ آخری یعنی چھٹے اٹیمپٹ میں نیرج نے بہتر واپسی کی اور 85.01 میٹر پھینک کر ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے کیشورن والکاٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
نیرج چوپڑا نے اس سال ڈائمنڈ لیگ کے دو مرحلوں میں حصہ لیا تھا۔ دوحہ لیگ میں انہوں نے اپنے کیریئر کا بہترین 90.23 میٹر کا تھرو کیا، لیکن وہ دوسرے نمبر پر رہے۔ اس کے بعد پیرس لیگ میں 88.16 میٹر کے تھرو کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد انہوں نے سیلیسیا اور برسلز مرحلے میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا۔ پوائنٹس ٹیبل پر 15 پوائنٹس کے ساتھ انہوں نے فائنل میں جگہ بنائی۔ ڈائمنڈ لیگ میں پہلے نمبر کے لیے 8 پوائنٹس، دوسرے کے لیے 7، تیسرے کے لیے 6 اور چوتھے کے لیے 5 پوائنٹس ملتے ہیں۔
واضح رہے کہ نیرج نے 2022 میں ڈائمنڈ لیگ فائنل جیت کر ڈائمنڈ ٹرافی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد 2023 اور 2024 میں وہ رنر اپ رہے۔ اس بار بھی وہ دوسرا مقام حاصل کر پائے، جبکہ جرمنی کے ویبر پہلی مرتبہ ڈائمنڈ لیگ فائنل کے فاتح بنے۔
ڈائمنڈ لیگ فائنل کے فاتح کو ڈائمنڈ ٹرافی کے ساتھ 30 ہزار سے 50 ہزار امریکی ڈالر تک کی انعامی رقم دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ فاتح کھلاڑی کو ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں وائلڈ کارڈ انٹری بھی ملتی ہے۔
اب نیرج چوپڑا کی نظریں اگلے ماہ جاپان کی دارالحکومت ٹوکیو میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پر مرکوز ہیں، جو 13 سے 21 ستمبر تک منعقد ہوگی۔ اس عالمی مقابلے میں نیرج اپنے خطاب کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اتریں گے۔ شائقین کو ایک بار پھر ان سے شاندار کارکردگی کی امیدیں ہیں۔