کورونا وائرس: کینیڈا اور آسٹریلیا نے ٹوکیو اولمپکس سے ہٹنے کا کیا اعلان

کینیڈا اور آسٹریلیا نے کہا ہے کہ اگر ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد اپنے مقررہ پروگرام کے مطابق 24 جولائی سے 9 اگست تک ہوتا ہے تو وہ اپنے کھلاڑی ان کھیلوں میں نہیں بھیجیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ٹوکیو: کینیڈا اور آسٹریلیا نے کورونا وائرس کے خطرے کو دیکھتے ہوئے ٹوکیو اولمپکس سے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) اور میزبان ملک جاپان پر ان کھیلوں کو ملتوی کرنے سے متعلق دباؤ بڑھ گیا ہے۔ کینیڈا اور آسٹریلیا نے کہا ہے کہ اگر ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد اپنے مقررہ پروگرام کے مطابق 24 جولائی سے 9 اگست تک ہوتا ہے تو وہ اپنے کھلاڑی ان کھیلوں میں نہیں بھیجیں گے۔ آئی او سی اور میزبان ملک جاپان مسلسل کہہ رہے تھے کہ وہ ان کھیلوں کا انعقاد مقررہ وقت پر کریں گے لیکن اب انہوں نے اپنے موقف میں نرمی لاتے ہوئے اشارہ دیا ہے کہ ان کھیلوں کو ملتوی کیا جا سکتا ہے۔

کینیڈا اور آسٹریلیا نے تو یہاں تک کہا ہے کہ اگر ان کھیلوں کو 2021 تک ملتوی نہیں کیا جاتا تو وہ اس میں حصہ نہیں لیں گے۔ کینیڈا نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ وہ کورونا کے خطرے کو دیکھتے ہوئے اس سال ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں اپنے کھلاڑیوں کو نہیں بھیجے گا۔ اس نے ساتھ ہی اولمپکس کو ایک سال کے لئے ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔


کینیڈا کی ٹیم نے بیان جاری کرکے کہا کہ کینیڈا اولمپک کمیٹی (سی اوسی) اور کینیڈا پیرا اولمپک کمیٹی (سی پی سی) نے پلئیرکمیشن، قومی کھیل تنظیم اور کینیڈا کی حکومت سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں کو ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس اور پیرا اولمپک کھیلوں میں نہیں بھیجنے کا مشکل فیصلہ لیا ہے۔

بیان کے مطابق کورونا کے خطرے کے درمیان ٹوکیو جانا کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کے لئے محفوظ نہیں ہے۔ کینیڈا کی ٹیم نے کہا کہ سی او سی اور سی پی سی اس معاملے میں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی)، انٹرنیشنل پیرا اولمپک کمیٹی (آئی پی سی) اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے فوری طور پر اولمپک کھیلوں کو ایک سال کے لئے ملتوی کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ اگر اولمپکس ملتوی کیا جاتا ہے تو ہم ان کی مکمل حمایت کریں گے۔ ہمارے لئے کھلاڑیوں اور عالمی برادری کی صحت اور حفاظت کے علاوہ کچھ اہم نہیں ہے۔


قابل ذکر ہے کہ آئی او سی کے صدر تھامس باک نے اتوار کو کہا تھا کہ اولمپکس ملتوی کرنے پر فیصلہ چار ہفتوں کے اندر لیا جائے گا۔ حالانکہ انہوں نے اسے منسوخ کرنے کے بارے میں کہا کہ کمیٹی نے اس بارے میں فی الحال کوئی بات نہیں کی ہے۔ کینیڈا کے اس فیصلے کے کچھ وقت بعد آسٹریلوی اولمپک کمیٹی (اے او سی) نے کہا کہ اس نے اپنے کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ 2021 میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے لئے تیاری کریں۔ یوسی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمارے کھلاڑیوں کے لئے گھر میں ایک جگہ جمع ہونا یا پھر بیرون ملک جانا بہت مشکل ہوگا۔ ہمارے لئے کھلاڑیوں اور ان کے آس پاس کے لوگوں کی صحت اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ اولمپکس کا انعقاد جاپان کے ٹوکیو میں 24 جولائی سے نو اگست تک ہونا ہے لیکن عالمی وبا کی شکل اختیار کرنے والے کورونا وائرس کی وجہ سے کھیل دنیا کافی متاثر ہوئی ہے اور ایسے میں اولمپکس کے انعقاد پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔