’کورونا میری زندگی کا سب سے خراب وائرس ہے‘

اولمپک چمپئن تیراک کیمرون وان ڈیر برگ اس وقت کورونا وائرس کی زد میں ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ یہ ان کی زندگی کا اب تک کا سب سے خراب وائرس ہے جس کا انھوں نے سامنا کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کا قہر اس وقت پوری دنیا میں جاری ہے اور کئی معروف ہستیاں بھی اس کی زد میں آ چکی ہیں۔ انہی میں سے ایک ہیں اولمپک چمپئن تیراک کیمرون وان ڈیر برگ۔ جنوبی افریقہ کے اس مشہور و معروف تیراک پر کورونا وائرس نے اپنا حملہ کر دیا ہے اور اس وجہ سے وہ کافی کمزوری محسوس کر رہے ہیں۔ اپنی حالت زار بیان کرتے ہوئے کیمرون نے میڈیا کو جانکاری دی کہ "یہ میری زندگی کا اب تک کا سب سے خراب وائرس ہے جس کا میں نے اب تک سامنا کیا ہے۔"

قابل ذکر ہے کہ تیراک کیمرون نے 2012 کے لندن اولمپک میں 100 میٹر بریسٹ اسٹروک مقابلہ میں طپلائی تمغہ حاصل کیا تھا اور پھر 2016 کے ریو اولمپک میں نقرئی تمغہ پر قبضہ کیا تھا۔ 2018 کے عالمی چمپئن شپ میں بھی انھوں نے طلائی تمغہ حاصل کیا تھا، پھر اسی سال یعنی 2018 میں انھوں نے اس کھیل کو الوداع کہہ دیا۔


اس وقت کیمرون کورونا وائرس سے جنگ لڑ رہے ہیں اور این ڈی ٹی وی اسپورٹس نے کیمرون کے حوالے سے کہا ہے کہ "اچھے پھیپھڑے، صحت مند لائف اسٹائل اور کم عمر ہونے کے باوجود کورونا وائرس میری زندگی کا سب سے خراب وائرس ہے۔" واضح رہے کہ اس وقت کیمرون کی عمر 31 سال ہے اور ان کا کہنا ہے کہ انھیں تیز بخار نہیں ہے لیکن تھکن اور کھانسی کے مسئلہ سے نبرد آزما ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پیدل چلنے جیسی کوئی بھی سرگرمی انھیں کئی گھنٹوں کے لیے تھکا دیتی ہے۔

اس وقت ٹوکیو میں اولمپک کی تیاریاں چل رہی ہیں، حالانکہ اس پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملتوی کر دیا جائے گا۔ لیکن ابھی تک کوئی اعلان نہیں ہوا ہے اور سبھی ممالک کے کھلاڑی اپنی اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس کے پیش نظر کیمرون کا کہنا ہے کہ "ٹوکیو اولمپک کو لے کر ابھی آخری فیصلہ نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اتھلیٹ اپنی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس سے وہ اپنے لیے جوکھم بڑھا رہے ہیں۔"


کیمرون کی اس بات کا مطلب یہ ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے درمیان اولمپک کا انعقاد ہونا یا پھر اس میں شامل ہونا خطرے سے خالی نہیں ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ کھلاڑی اپنی صحت کا خیال کریں اور فی الحال تیاریوں سے بھی کنارہ کشی اختیار کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔