دولت مشترکہ کھیل 2018 اختتام پذیر، 26 طلائی تمغوں کے ساتھ ہندوستان تیسرے مقام پر

21واں دولت مشترکہ کھیل ہندوستان کے لیے شاندار ثابت ہوا۔ 26 طلائی، 20 نقرئی اور 20 کانسے کا تمغہ حاصل کر کے ہندوستان نے دولت مشترکہ کھیلوں میں اب تک کا اپنا تیسرا بہترین مظاہرہ پیش کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

21ویں دولت مشترکہ کھیلوں کے آخری دن بھی ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے کل 7 تمغے حاصل کیے۔ سائنا نے ملک کو 26واں طلائی تمغہ دلایا جب کہ اس کے علاوہ ہندوستان کی جھولی میں 4 نقرئی اور 2 کانسے کا تمغہ بھی آیا۔ ہندوستان کو آخری دن بیڈمنٹن سے ایک طلائی اور دو نقرئی تمغہ ملا۔ خاتون سنگلس میں جہاں ایک طرف سائنا نے طلائی تمغہ جیتا وہیں پی وی سندھو کو نقرئی تمغہ حاصل ہوا۔ خاتون سنگلس کے طلائی تمغہ کے لیے مقابلہ سائنا اور سندھو کے درمیان ہی تھا۔

دولت مشترکہ کھیلوں کے آخری دن 66 تمغوں کے ساتھ ہندوستان نے اپنی شاندار مہم کا اختتام کیا۔ دولت مشترکہ کی تاریخ میں یہ ہندوستان کی تیسری سب سے بہترین کارکردگی تھی۔ 2018 دولت مشترکہ میں ہندوستان نے 26 طلائی، 20 نقرئی اور 20 کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان فہرست میں تیسرے مقام پر رہا۔

میزبان آسٹریلیا 21ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں کل 198 تمغوں کے ساتھ سرفہرست رہا۔ اس نے 80 طلائی تمغے جیتے۔ انگلینڈ نے 136 تمغوں کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا۔ آسٹریلیا نے 80 طلائی تمغہ کے ساتھ 59 نقرئی اور اتنے ہی کانسے کا تمغہ جیتا۔ اس مرتبہ دولت مشترکہ کھیلوں میں کل 71 ممالک اور ٹیریٹریز نے حصہ لیا تھا جن میں سے 43 کے حصے میں تمغے آئے اور بقیہ کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑا۔

سائنا دولت مشترکہ کھیلوں میں دو طلائی تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بیڈمنٹن کھلاڑی بن گئی ہیں۔ دنیا کی 12ویں نمبر کی کھلاڑی سائنا نے اس سے قبل 2010 میں راجدھانی دہلی میں منعقد دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی طلائی تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

لندن اولمپک میں کانسہ تمغہ جیتنے والی سائنا نے طلائی تمغہ کے لیے کھیلے گئے خاتون سنگلس کے میچ میں ورلڈ چمپئن شپ میں دو مرتبہ نقرئی اور اولمپک میں بھی نقرئی جیتنے والی ہم وطن سندھو کو 56 منٹ میں 18-21، 21-23 سے شکست دے کر دولت مشترکہ کھیلوں کا دوسرا طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

اس کے علاوہ مردوں کے سنگلس میں شری کانت کو بھی نقرئی تمغہ ملا۔ انھیں طلائی تمغہ کے لیے کھیلے گئے میچ میں ملیشیا کے معروف اور دولت مشترکہ کھیلوں میں ریکارڈ 5 مرتبہ طلائی تمغہ جیت چکے لی چونگ ویئی نے شکست دی۔ دنیا کی نمبر 7 لی نے دنیا کے نمبر 1 شری کانت کو ایک گھنٹے اور پانچ منٹ تک چلے میچ میں 21-19، 14-21، 14-21 سے شکست دے کر فتح حاصل کی اور پانچویں طلائی تمغہ پر قبضہ جمایا۔ شری کانت کو بھلے ہی ہار کی وجہ سے نقرئی تمغہ ملا ہو، لیکن وہ دولت مشترکہ کھیلوں میں میڈل کا کھاتہ کھولنے میں کمایاب رہے۔ وہ پچھلی مرتبہ گلاسگو میں 20ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں صرف کوارٹر فائنل تک کا سفر ہی طے کر پائے تھے۔ ایسے میں یہ ان کا دولت مشترکہ کھیلوں کا پہلا تمغہ ہے۔

مردوں کے سنگلس میں بھی ہندوستان کو نقرئی تمغہ ملا۔ ہندوستانی جوڑی کو طلائی تمغہ کے لیے کھیلے گئے میچ میں 38 منٹ کے اندر انگلینڈ کی مارکس ایلس اور کرس لینگریز کی جوڑی نے سیدھے گیموں میں 21-13، 21-16 سے شکست دی۔

دوسری طرف چراغ اور ساتوک کی جوڑی دولت مشترکہ کھیلوں کے مرد ڈبلز مقابلے میں تمغہ جیتنے والی پہلی جوڑ بن گئی ہے۔ اس سے قبل کوئی بھی جوڑی ہندوستانی مرد ڈبلز عہدہ جیتنے میں ناکام رہی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

ہندوستان کی خاتون اسکویش جوڑی دیپکا پلیکل کارتک اور جوشن چتنپا کو خاتون سنگلس کے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ طلائی تمغہ سے محروم رہ گئیں۔ جوشنا-دیپکا کی جوڑی کو طلائی تمغہ کے مقابلے میں نیوزی لینڈ کی جولے کنگ اور امناڈا لینڈرس مرفی کی جوڑی سے شکست کا سامنا ہوا۔ ایسے میں ہندوستانی جوڑی کو نقرئی تمغہ پر اکتفا کرنا پڑا۔ جولے اور مرفی کی جوڑی نے 21 منٹ تک چلے میچ میں دیپکا-جوشنا کی جوڑی کو 9-11، 8-11 سے شکست دی اور طلائی تمغہ پر قبضہ کیا۔ اس شکست کے سبب دیپکا اور چنپا 2014 میں گلاسگو میں منعقد 20ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں جیتے گئے اپنے طلائی تمغہ کو نہیں بچا پائیں۔

ہندوستان میں ٹیبل ٹینس کھلاڑی اچنتا شرتھ کمل اور منیکا بترا-ساتھیان گناشیکھرن کی ہندوستانی مکسڈ ڈبل جوڑی نے یہاں جاری 21ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں آخری دن یعنی اتوار کو بالترتیب مردوں کے سنگلس مقابلے اور مکسڈ ڈبلس مقابلے میں کانسہ کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ شرتھ نے جہاں دولت مشترکہ کا دوسرا کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا ہے وہیں منیکا-ساتھیان کی جوڑی نے تمغہ حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی۔ منیکا-ساتھیان کی جوڑی اقوام متحدہ کھیلوں میں تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون ڈبلز جوڑی ہے۔ اس سے قبل کوئی بھی ہندوستانی جوڑی مکسڈ ڈبلس مقابلہ میں عہدہ نہیں جیت پائی تھی۔

مردوں کے سنگلس مقابلہ میں شرتھ کے لیے یہ فتح آسان نہیں تھی۔ انھوں نے سیموئل کو 1-4 (7-11، 9-11، 11-9، 11-6، 12-10) سے ہرا کر اس میچ کو جیتا اور آکر کار کانسے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔ شرتھ نے 2006 میں ملبورن میں ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں میں مردوں کے سنگلس مقابلے کا طلائی تمغہ جیتا۔ 2010 میں راجدھانی دہلی میں منعقد ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں میں انھوں نے اسی مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔

منیکا ساتھیان کی جوڑی نے مکسڈ ڈبلس مقابلے میں کانسے کے تمغہ کے لیے ہوئے مقابلے میں اپنی ہم وطن اچنتا شرتھ اور موما داس کی جوڑی کو شکست دی۔ منیکا اور ساتھیان کی جوڑی نے شرتھ-موما کو یکطرفہ مقابلے میں 0-3 (6-11، 2-11، 4-11) سے ہرا کر ان کھیلوں کا پہلا کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ منیکا نے 21ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں چوتھا تمغہ جیتا ہے۔ ہفتہ کے روز منیکا نے خواتین کے سنگلس مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا تھا جب کہ اس سے پہلے انھوں نے خاتون ٹیم کا حصہ رہتے ہوئے طلائی تمغہ جیتنے کے علاوہ اس سے پہلے موما داس کے ساتھ خاتون مکسڈ ڈبلس کا نقرئی تمغہ جیتا تھا۔

ہندوستان نے اس سال دولت مشترکہ کھیلوں میں کل 66 تمغے جیتے ہیں۔ گلاسگو میں ہوئے 20ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستان نے 64 تمغے جیتے تھے۔ حالانکہ ہندوستان 2010 میں راجدھانی دہلی میں منعقد دولت مشترکہ کھیلوں میں جیتے گئے 101 تمغوں کے ریکارڈ کو نہیں توڑ پایا۔

سال 2014 کے مقابلے میں ہندوستان نے اس بار زیادہ طلائی تمغہ حاصل کیا ہے۔ گلاسگو میں اس نے 15 طلائی تمغہ حاصل کیا تھا اور اس بار اس نے 26 طلائی تمغے جیتے ہیں۔ حالانکہ اس معاملے میں بھی 2010 کے موازنہ میں اس سال پیچھے رہ گیا جس میں اس نے 38 طلائی تمغے حاصل کیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Apr 2018, 5:40 PM