کوکو گاف فرینچ اوپن کی نئی چیمپئن، فائنل میں عالمی نمبر ایک آرینا سبالینکا کو شکست دی
کوکو گاف پہلی بار فرینچ اوپن جیتنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ 21 سالہ کوکو گاف 2022 میں ہونے والے فرینچ اوپن کے فائنل میں بھی پہنچی تھیں جہاں انہیں ایگا سویٹیک کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
عالمی نمبر دو خواتین ٹینس کھلاڑی امریکا کی کوکو گاف نے فرینچ اوپن 2025 میں خواتین کا سنگلز ٹائٹل جیت لیا ہے۔ 7 جون یعنی کل کو رولینڈ گیروس کے فلپ چیٹریئر کورٹ پر کھیلے گئے فائنل میں 21 سالہ کوکو گاف نے بیلاروس کی آرینا سبالینکا کو 6-7 (5) 6-2، 6-4 سے شکست دی۔ کوکو گاف پہلی بار فرینچ اوپن چیمپئن بن گئیں ہیں جبکہ عالمی نمبر ایک سبالینکا کا اس سال فرنچ اوپن جیتنے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ ٹائٹل کا مقابلہ 2 گھنٹے 38 منٹ تک جاری رہا۔
آرینا سبالینکا اور کوکو گاف کے درمیان کھیلے گئے فائنل میں پہلا سیٹ انتہائی سنسنی خیز رہا۔ دونوں کھلاڑیوں نے چار چار بار ایک دوسرے کی سروس بریک کی۔ نتیجے کے طور پر، پہلا سیٹ ٹائی بریکر میں چلا گیا، جہاں سبالینکا نے جیت لیا۔ اس کے بعد گاف نے دوسرے سیٹ میں زبردست واپسی کی اور سبالینکا کو آسانی سے شکست دی۔ جب تیسرا سیٹ آیا، سبالینکا بہت تھک چکی تھیں اور اس نے گاف کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔
اگر دیکھا جائے تو کوکو گاف سال 2022 میں فرینچ اوپن کے فائنل میں بھی پہنچی تھیں جہاں انہیں ایگا سویٹیک کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ یہ گاف کے کیریئر کا دوسرا گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹل تھا۔ اس سے قبل وہ سال 2023 میں یو ایس اوپن جیت چکی ہیں۔دوسری جانب 27 سالہ آرینا سبالینکا پہلی بار فرنچ اوپن کے فائنل میں پہنچی تھیں۔ سبالینکا نے دو بار آسٹریلین اوپن (2023، 2024) اور ایک مرتبہ یو ایس اوپن (2024) جیتا ہے۔
کوکو گاف نے سیمی فائنل میں فرانسیسی وائلڈ کارڈ ہولڈر لوئی بوئسن کو 6-1، 6-2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ اس کے ساتھ ہی آرینا سبالینکا نے چار بار کی فرینچ اوپن کی فاتح پولینڈ کی ایگا سویٹیک کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں 7-6، 4-6، 6-0 سے شکست دے کر ٹائٹل مقابلے میں داخلہ حاصل کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔