اے ٹی کے موہن باگان کا اے ایف سی کپ کے فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور
ایف سی نساف کے 19 سالہ نوجوان اسٹرائیکر خسین نورچائف نے شاندار ہیٹ ٹرک کرکے نہ صرف ٹیم کو برتری دلائی بلکہ ٹاپ گول اسکورر بھی بن گئے۔
ہندوستان کے ٹاپ فٹ بال کلبوں میں سے ایک اے ٹی کے موہن باگان کے ازبکستان کے ایف سی نساف سے ہارنے کے بعد سالانہ کانٹی نینٹل کلب فٹ بال مقابلے اے ایف سی کپ کے فائنل میں پہنچنے کا اس کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔
ازبکستان کے قرشی کے مرکزی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ، میزبان ایف سی نساف نے ہندوستانی ٹیم موہن باگان کو 6-0 سے شکست دی اور اگلے ماہ 2021 اے ایف سی کپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ میچ کے آغاز سے ہی حالات موہن باگان کے حق میں نہیں رہے۔ انہیں پہلا دھچکا اس وقت لگا جب انہی کے ڈیفنڈر پریتم کوٹل نے چوتھے منٹ میں اپنے ہی گول پوسٹ پر گول داغ دیا، جس سے ایف سی نساف کو اپنے آپ ہی 1-0 کی برتری حاصل ہو گئی۔
اس کے بعد ایف سی نساف کے 19 سالہ نوجوان اسٹرائیکر خسین نورچائف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ابتدائی 32 منٹ میں گول کی ہیٹ ٹرک کرکے نہ صرف ٹیم کو برتری دلائی بلکہ ٹورنامنٹ کے اسکورنگ چارٹ میں ٹاپ گول اسکورر بھی بن گئے۔ نورچائف نے 18 ویں ، 21 ویں اور 31 ویں منٹ میں گول پورے کئے۔ اے ٹی کے موہن باگان کو 4-0 سے شکست کے بعد میچ میں واپسی کا موقع نہیں ملا۔ میچ ان سے مزید دور چلا گیا، جب فارورڈ ائبیک بوزوروف نے پہلے ہاف میں دھماکہ خیز گول کیا۔
میچ کے آخری مرحلے میں سبسٹی ٹیوٹ کے طور پر میدان پر اترنے والے ڈونیورجن نارزولائف نے 71 ویں منٹ میں چھٹا گول کیا۔ آخر میں میچ 6-0 کے اسکور سے ختم ہوا۔ اس بڑی جیت کے ساتھ ، ایف سی نساف نے ایک دہائی قبل خطاب جیتنے کے بعد پہلی بار اے ایف سی کپ کے فائنل میں داخلہ کیا۔ اب وہ اکتوبر میں اے ایف سی کپ کے انٹر زونل فائنل میں ہانگ کانگ کے لی مینز ایف سی کا سامنا کرے گا۔ اس میچ کا فاتح نومبر میں فائنل کھیلے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔