ایشین گیمز میں ہندوستان نے رقم کی تاریخ، خواتین کبڈی ٹیم کے طلائی کے ساتھ 100 تمغے مکمل

چین کے ہانگزو میں ہفتہ کو خواتین کی کبڈی ٹیم نے سنسنی خیز فائنل میں چائنیز تائپے کو 26-25 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ اسی کے ساتھ ہندوستان نے ایشین گیمز میں 100 تمغوں کا ہندسہ حاصل کر لیا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈییا</p></div>

سوشل میڈییا

user

قومی آوازبیورو

ہانگزو: چین کے ہانگزو میں ہفتہ کو خواتین کی کبڈی ٹیم نے سنسنی خیز فائنل میں چائنیز تائپے کو 26-25 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا۔ اسی کے ساتھ ہندوستان نے ایشین گیمز میں 100 تمغوں کا ہندسہ حاصل کر لیا۔ ہندوستان اب تک 25 طلائی، 35 نقرئی اور 40 کانسی کے تمغے جیتے ہیں۔

ایشین گیمز 2023 کا آج 14واں اور آخری دن ہے اور ہندوستان نے تمغوں کی سنچری مکمل کر لی ہے۔ صبح، تیر اندازی میں ادیتی گوپی چند نے خواتین کے کمپاؤنڈ مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا، جب کہ جیوتی سریکھا نے سونے کا تمغہ جیتا۔ اس کے بعد مردوں کے کمپاؤنڈ ایونٹ کے فائنل میں اوجس اور ابھیشیک نے بالترتیب طلائی اور چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس کے بعد ہندوستان نے خواتین کی کبڈی میں چائنیز تائپے کو شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں میں 100 تمغے مکمل کر لیے ہیں۔


ایشین گیمز کے 14ویں دن مزید کئی تمغے داؤ پر لگے ہیں۔ ریسلنگ میں بھی سخت مقابلہ ہوگا کیونکہ یش، دیپک پونیا، وکی اور سمیت اپنے اپنے وزن کے زمرے میں بالادستی کے لیے مقابلہ کریں گے۔ دریں اثنا، ہندوستانی کرکٹ شائقین مردوں کے کرکٹ فائنل کے منتظر ہوں گے جہاں ہندوستان کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا اور دونوں ٹیمیں سونے کے تمغے پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔ اس دوران، سب کی نظریں مشہور جوڑی چراغ شیٹی اور ستوک سائراج رنکیریڈی پر بھی ہوں گی کیونکہ وہ مردوں کے ڈبلز بیڈمنٹن میں تاریخی گولڈ میڈل حاصل کرنے کا ارادہ رکھیں گے۔

خیال رہے کہ ہندوستان نے ایشین گیمز میں 72 سالوں میں پہلی بار 100 تمغوں کا ہندسہ عبور کر کے تاریخ رقم کی ہے۔ ہندوستان نے جمعہ کو ایک گولڈ سمیت نو تمغے جیتے اور تمغوں کی تعداد 95 ہو گئی تھی۔ ہفتہ کو کرکٹ، کبڈی، بیڈمنٹن اور کمپاؤنڈ انفرادی تیر اندازی میں سات تمغے جیتنا یقینی ہے جس کے بعد تمغوں کی تعداد 102 ہو جائے گی۔ اس مرتبہ ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں کے لیے نعرہ بھی ’اب کی بار، 100 پار‘ دیا تھا، جسے یہاں کے کھلاڑیوں نے سچ کر دکھایا۔


یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں میں 20 سے زیادہ طلائی تمغے جیتے ہیں۔ جمعہ کو مردوں کی ہاکی ٹیم نے دفاعی چیمپئن جاپان کو شکست دے کر ہندوستان کو اپنا 22 واں طلائی تمغہ دلایا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اگلے سال پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ اس سے پہلے ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کی بہترین کارکردگی 2018 کے جکارتہ گیمز میں رہی تھی جب اس نے 20 طلائی اور مجموعی طور پر 70 تمغے حاصل کیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔