ایشیائی کھیل: پی وی سندھو بیڈمنٹن سنگل کے فائنل میں پہنچیں

ہندوستانی کھلاڑی سندھو نے ایک گھنٹہ اور پانچ منٹ تک چلے مقابلہ میں دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی یاماگوچی کو 21-17، 15-21، 21-10 سے ہراکر فائنل میں جگہ بنائی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کی خاتون بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو پیر کے روز 18ویں ایشیائی کھیلوں میں خاتون سنگل مقابلہ کے فائنل میں داخل ہوگئی ہیں۔ سندھو نے سیمی فائنل مقابلہ میں اپنی روایتی حریف جاپان کی اکانے یاماگوچی کو شکست دے کر خطابی مقابلہ میں اپنی جگہ بنائی، اب ان کا مقابلہ چینی تائپے کی تائی جو ینگ سے ہوگا۔

ہندوستانی کھلاڑی سندھو نے ایک گھنٹہ پانچ منٹ تک چلے مقابلہ میں دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی یاماگوچی کو 21-17، 15-21، 21-10 سے ہراکر فائنل میں جگہ بنائی۔ پہلے گیم سے ہی دونوں کے درمیان برابری کی ٹکر نظر آئی۔ اپنی روایتی حریف سے واقف سندھو نے اس کا فائدہ اٹھایا اور اسکور کو 8-8 سے برابر کیا اور اس کے بعد 13-9 سے سبقت حاصل کر لی۔

دنیا کی تیسرے نمبر کی کھلاڑی سندھو نے یاماگوچی پر اس سبقت کو برقرار رکھا اور آخر میں پہلا گیم 22 منٹ کے اندر 21-17 سے اپنے نام کر لیا۔

دوسرے گیم میں بھی دونوں کے بیچ زبردست جدوجہد نظر آئی۔ حالانکہ سندھو نے اپنے قد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سبقت حاصل کرنے کی کوشش کی۔ جبکہ یاماگوچی نے اپنی چستی کے بل پر ہر حملہ کا جواب دیا۔

ریو اولمپکس میں چاندی کے تمغہ کی فاتح پی وی سندھو نے یاماگوچی کی غلطیوں کا فائدہ اٹھایا اور 10-6 کی سبقت حاصل کر لی۔ پھر جاپان کی کھلاڑی نے واپسی کی اور سندھو پر دباؤ بناتے ہوئے 12-10 کی سبقت حاصل کر لی اور 22 منٹ میں سندھو کو 21-15 سے ہراکر دوسرے گیم جیت کر 1-1 سے برابری حاصل کرلی۔

سندھو نے تیسرے گیم میں یاماگوچی پر اپنا دباؤ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے 9-4 کی سبقت حاصل کی۔ جاپانی کھلاڑی کے خلاف اس سبقت کو برقرار رکھتے ہوئے سندھو نے تیسرا گیم 21-10 سے جیتا۔ اس ہار کی وجہ سے یاماگوچی کو کانسے کے طمغہ سے ہی تسلی کرنی پڑی۔ ایشیائی کھیلوں میں یہ ان کا پہلا تمغہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Aug 2018, 1:29 PM