سِنر کا خواب چکنا چور کر الکاریز بنے یو ایس اوپن چمپئن، عالمی نمبر-1 کا تاج بھی کیا اپنے نام

فائنل میں اسپین کے 22 سالہ الکاریز نے اٹلی کے 24 سالہ سِنر کو 2-6، 6-3، 1-6، 4-6 سے دھول چٹائی۔ الکاریز نے دوسرا یو ایس اوپن خطاب اور چھٹا گرینڈ سلیم خطاب جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ’انسٹا گرام‘</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دنیا کے نمبر-2 کھلاڑی کارلوس الکاریز نے عالمی نمبر-1 یانک سِنر کو شکست دے کر دوسری مرتبہ یو ایس اوپن کا خطاب جیت لیا ہے۔ اپنا چھٹا گرینڈ سلیم خطاب جیتنے کے ساتھ ہی ہی الکاریز نے سِنر سے عالمی نمبر1 کا تاج ایک بار پھر اپنے نام کرلیا۔ ستمبر 2023 کے بعد وہ پہلی مرتبہ دنیا کے نمبر-1 ٹینس کھلاڑی بنے ہیں۔ اس دوران امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی میچ دیکھنے کے لیے پہنچے تھے جس نے فائنل کو مزید دلچدسپ بنا دیا۔

فائنل میں اسپین کے 22 سالہ الکاریز نے اٹلی کے 24 سالہ سِنر کو 2-6، 6-3، 1-6، 4-6 سے دھول چٹائی۔ اس جیت کے ساتھ ہی الکاریز نے سِنر کا ہارڈ کورٹ گرینڈ سلیم میں 27 میچ سے چلا آ رہا جیت کا سلسلہ بھی توڑ دیا ہے۔ ہندوستانی وقت کے مطابق 8-7 ستمبر کی درمیانی رات تین بجے کے قریب یو ایس چمپئن کا فیصلہ آیا جس میں الکاریز نے بازی ماری۔


دونوں قدر آور کھلاڑی موجودہ سیزن میں تیسری مرتبہ کسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں آمنے سامنے تھے، جو ٹینس کی تاریخ میں نیا ریکارڈ ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان گزشتہ کچھ وقت سے کانٹے کی ٹکر جاری ہے۔ الکاریز نے جون میں فرنچ اوپن میں سِنر کو ہرایا تھا۔ سِنر نے جولائی میں ومبلڈن میں اس کا بدلہ لے لیا۔  سِنر نے مسلسل پانچ گرینڈ سلیم فائنل میں بھی جگہ بنائی ہے۔ جس کی شروعات 12 مہینے پہلے امریکی اوپن سے ہوئی تھی۔ الکاریز نے اپنا چھٹا بڑا ٹائٹل اور فلشنگ میڈیوز میں دوسرا خطاب جیتنے کی قواعد میں ایک بھی سیٹ نہیں گنوایا تھا۔ سِنر کا 2024 کی شروعات سے الکاریز کے خلاف ریکارڈ 6-1 تھا جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے خلاف ان کا ریکارڈ 4-109 تھا۔

اگر سِنر یہ فائنل جیت جاتے تو وہ گزشتہ 17 سال میں مسلسل دوسری مرتبہ یو ایس اوپن کا خطاب جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن جاتے لیکن الکاریز نے ان کا ٹائٹل دفاع کرنے کا خواب چکناچور کر دیا۔ روجر فیڈرر نے 2008 میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا، تب وہ مسلسل پانچویں مرتبہ چمپئن بنے تھے۔


واضح رہے کہ الکاریز نے جمعہ کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں 24 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چمپئن نوواک جوکووچ کو 4-6، (4) 6-7، 2-6 سے جبکہ سِنر نے فیلکس آگر الیاسیمو کو 1-6، 6-3، 3-6، 4-6 سے ہرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔