آندرے رسیل کے بعد گلین میکسویل نے بھی آئی پی ایل کو کہا الوداع، ہندوستانی مداحوں کے لیے ’انسٹاگرام‘ پر لکھا جذباتی پیغام
میکسویل نے لکھا کہ ’’آئی پی ایل میں کئی یادگار سیزن کے بعد اس سال اپنا نام نیلامی میں نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے اور اس لیگ نے مجھے جو کچھ بھی دیا ہے، اس کا میں بہت شکرگزار ہوں۔‘‘

آسٹریلیا کے مایہ ناز آل راؤنڈر گلین میکسویل نے منگل (2 دسمبر) کو اچانک انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ میکسویل نے واضح کر دیا ہے کہ وہ آئی پی ایل 2026 کے پلیئر آکشن (نیلامی) میں حصہ نہیں لیں گے، جو 16 دسمبر کو ابو ظہبی میں منعقد ہوگا۔ 2019 کے بعد یہ پہلی بار ہے جب گلین میکسویل آئی پی ایل میں حصہ نہیں لیں گے۔ واضح رہے کہ اتوار (30 نومبر) کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈرآندرے رسیل نے بھی آئی پی ایل سے بطور کھلاڑی ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کر دیا تھا۔ جبکہ کولکاتہ نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) میں بطور’پاور کوچ‘ نظر آئیں گے۔
37 سالہ گلین میکسویل نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر ایک پوسٹ جاری کر آئی پی ایل کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’آئی پی ایل میں کئی یادگار سیزن کے بعد میں نے اس سال اپنا نام نیلامی میں نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایک بڑا فیصلہ ہے اور اس لیگ نے مجھے جو کچھ بھی دیا ہے، اس کا میں بہت شکرگزار ہوں۔‘‘ میکسویل نے یہ بھی لکھا کہ ’’آئی پی ایل نے مجھے ایک کرکٹر اور ایک انسان کے طور پر بنانے میں مدد کی ہے۔ میں خوش قسمت رہا ہوں کہ مجھے ورلڈ کلاس ٹیم میٹس کے ساتھ کھیلنے، شاندار فرنچائزی کی نمائندگی کرنے اور ایسے مداحوں کے سامنے پرفارم کرنے کا موقع ملا جن کا جذبہ بے مثال ہے۔ ہندوستان کی یادیں، چیلنج اور انرجی ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔ اتنے سالوں میں آپ کے سپورٹ کے لیے شکریہ، امید ہے جلد ہی ملیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ گلین میکسویل نے 2012 میں آئی پی ایل ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 141 میچ کی 135 اننگ میں 23.89 کی اوسط اور 155.77 کی شاندار اسٹرائک ریٹ سے 2819 رن بنائے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 18 نصف سنچریاں اسکور کیں، ان کی بہترین اننگ 95 رنوں کی رہی۔ میکسویل نے اپنے آئی پی ایل کیریئر میں 237 چوکے اور 136 لگائے ہیں۔ اگر گیند بازی کی بات کی جائے تو 141 میچوں کی 85 اننگ میں 8.3 کی اکانمی اور 34.46 کی اوسط سے 41 وکٹ حاصل کیے۔ اس دوران ان کی بہترین کارکردگی 15/2 رہی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔