سوڈان: خواتین پر جنسی تشدد مظاہرین کے خلاف ایک حربہ

سوڈانی فوج خواتین اور مردوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ فوج ایسا عبوری عسکری کونسل کے کہنے پر کر رہی ہے۔ عرب ممالک میں جنسی تشدد کو حربے کے طور پر استعمال کرنا نئی بات نہیں

سوڈان: خواتین پر جنسی تشدد مظاہرین کے خلاف ایک حربہ
سوڈان: خواتین پر جنسی تشدد مظاہرین کے خلاف ایک حربہ
user

ڈی. ڈبلیو

سوڈانی فوجی کی جانب سے دارالحکومت خرطوم میں حزب اختلاف کے ایک احتجاجی کیمپ کے خاتمے کے بعد متعدد خواتین نے جنسی استحصال کا نشانہ بنائے جانے کی شکایات کی ہیں۔ ان کے بقول انہیں کھلے عام سڑکوں پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دوران ایک سو سے زائد افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ یہ تشدد ایک منظم انداز میں کیا گیا اور شک ہے کہ اس میں نیم فوجی دستے (ریپڈ سپورٹ فورس یعنی آر ایس ایف) کے اہلکارملوث ہیں۔ آر ایس ایف میں بدنام جنجوید ملیشیا کے جنگجو بھی شامل ہیں، جو فوج کے حکم پر مزاحمت کرنے والی عوامی تنظیموں کے خلاف لڑنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

ایک عینی شاہد ناہید جبراللہ نے ڈی ڈبلیو سے باتیں کرتے ہوئے بتایا کہ جنسی زیادتی کا نشانہ بنائی جانے والی خواتین کی لاشیں دریائے نیل سے نکالی گئی ہیں۔


سوڈان کے مختلف شہروں میں گزشتہ برس دسمبر کے وسط سے مظاہرے جاری ہیں۔ آلاء صلاح نامی ایک طالبہ ان پرامن مظاہروں کی ایک علامت بن کراس وقت ابھریں، جب سفید کپڑے، سنہری جھمکے اور ہوا میں ایک انگلی لہراتے ہوئی اس بائیس سالہ لڑکی کی تصویر دنیا بھر میں شائع ہوئی۔ سوڈانی خواتین ابتدا سے ہی ان مظاہروں میں شامل رہی ہے۔

فرانس میں خواتین کے امور پر تحقیق کرنے والے ایک مرکز سے وابستہ مایادا حبیب کہتی ہیں کہ اب حکام خواتین کو روکنا چاہتے ہیں، ''جنسی تشدد کو خواتین کے خلاف جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا 2011ء سے بہت زیادہ بڑھ گیا ہے۔ یہ سب کچھ بہت ہی منظم انداز میں کیا جاتا ہے۔ مثال کے طور پر شام میں اسد دستوں نے آٹھ ہزار خواتین کو حراست میں رکھا، تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کے ساتھ زیادتی کی۔‘‘


وہ مزید کہتی ہیں کہ شاید سوڈان کی اُس مزاحمتی تحریک میں خواتین کا کرداربہت نمایاں رہا ہے، جس کے نتیجے میں طویل عرصے سے برسراقتدار صدر عمر البشیر کی حکومت کا خاتمہ ہوا تھا، ''شاید عسکری کونسل اسی وجہ سے خواتین سے بدلہ لینا چاہتی ہے‘‘۔ آر ایس ایف کی جانب سے جنسی زیادتیوں کے یہ واقعات سرگرم کارکنوں اور مظاہرین کو ڈرانے دھمکانے کے لیے ہیں۔

مایادا حبیب مزید کہتی ہیں کہ عبوری عسکری کونسل دانستہ طور پر عوام کے خلاف جنسی تشدد کا راستہ اپنا رہی ہے،''یہ مخالفین کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ یہ عسکری کونسل سوڈانی انقلابی تحریک کو ختم کرنے کے لیے کوئی بھی حربہ استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔‘‘


محققہ مایادا حبیب نے ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں سوڈانی بحران کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ سلامتی کونسل کے آٹھ ارکان نے فوج کی جانب سے عوام کے خلاف طاقت کے استعمال کی مذمت کی تھی۔ وہ مزید بتاتی ہیں کہ چین، روس اور کویت کی مخالفت کی وجہ سے ایک مشترکہ قرارداد منظور نہیں کی جا سکی، ''اس طرح سوڈانی فوجی کونسل کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوشش ناکام ہو گئی تھی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔