حاملہ عورت کو قتل کر کے نازائیدہ بچہ نکال لیا، ملزمہ گرفتار

امریکا میں ایک ایسی خاتون کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس نے ایک حاملہ عورت کو قتل کر کے اس کا نازائیدہ بچہ نکال لیا تھا۔ مبینہ قاتلہ نے بتایا کہ اس بچے کو اس نے خود جنم دیا تھا جو سانس نہیں لے رہا تھا۔

حاملہ عورت کو قتل کر کے نازائیدہ بچہ نکال لیا، ملزمہ گرفتار
حاملہ عورت کو قتل کر کے نازائیدہ بچہ نکال لیا، ملزمہ گرفتار
user

ڈی. ڈبلیو

اس خوف ناک جرم کی مبینہ ملزمہ کا نام ٹیلر پارکر اور عمر ستائیس برس ہے۔ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن سے جمعہ سولہ اکتوبر کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ٹیلر پارکر کو اسی امریکی ریاست کی ایک جیل میں رکھا گیا ہے۔

جمعرات کے روز ابتدائی کارروائی کے بعد ایک عدالت نے اس کی ممکنہ ضمانت کے لیے پانچ ملین ڈالر کا زر ضمانت مقرر کیا تھا۔


ملزمہ کو جمعہ نو اکتوبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ٹیکساس کی ہمسایہ ریاست اوکلاہوما میں حکام نے بتایا کہ ٹیلر کو اس وقت گرفتار کیا گیا، جب اس نے بتایا کہ اس نے ایک ایسے بچے کو جنم دیا تھا، جو اپنی پیدائش کے وقت سانس نہیں لے رہا تھا۔

گرفتاری کے وقت ٹیلر پارکر نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ خود اس بچے کی ماں تھی اور اس نے اسے ایک سڑک کے کنارے جنم دیا تھا۔ اس بچے کو فوری طور پر ایک قریبی ہسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کے مردہ ہونے کی تصدیق کر دی تھی۔


اسی روز مقتولہ کی لاش بھی مل گئی

جس دن پولیس نے ٹیلر پارکر کو گرفتار کیا، اسی روز ٹیکساس کے ایک چھوٹے سے شہر سے ایک خاتون کی لاش بھی ملی تھی۔ اس خاتون کا نام ریگن سائمنز ہینکاک تھا، جو اپنے قتل کے وقت حاملہ تھی۔


طبی معائنے کے بعد ثابت ہو گیا تھا کہ ریگن کی زچگی کا وقت کافی قریب تھا مگر جب اس کی لاش ملی، تو اس کے رحمِ مادر سے اس کا نازائیدہ بچہ غائب تھا۔

دستیاب شواہد کی بنیاد پر پولیس کو تقریباﹰ یقین ہے کہ ریگن کو ٹیلر پارکر نے ہی قتل کیا تھا۔ اس لیے کہ ریاست اوکلاہوما میں جس جگہ ایک سڑک کے کنارے سے مبینہ قاتلہ کو گرفتار کیا گیا تھا، مقتولہ حاملہ خاتون کی لاش ریاست ٹیکساس میں اس سے صرف 20 کلومیٹر کے فاصلے سے ملی تھی۔


ٹیلر پارکر کو اپنے خلاف قتل اور اغوا کے الزامات کا سامنا ہے۔ اس کے خلاف مقدمے کی سماعت ٹیکساس کی ایک عدالت میں مکمل کی جائے گی، کیونکہ وہ اپنے مشتبہ جرائم کی مرتکب اسی ریاست میں ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔