جرمنی میں ووکیشنل ٹریننگ کی وجہ سے ہزاروں پناہ گزین ملک بدری سے بچ گئے

جرمن میں آٹھ ہزار پناہ گزینوں کو پیشہ ورانہ تربیت کے حصول کے لیے ’ڈُلڈُنگ‘ یعنی ملک میں رہنے کا عارضی اجازت نامہ جاری کیا گیا۔ ان افراد میں دو ہزار سے زائد افغان اور تین سو پاکستانی مہاجرین شامل ہیں۔

جرمنی میں ووکیشنل ٹریننگ کی وجہ سے ہزاروں پناہ گزین ملک بدری سے بچ گئے
جرمنی میں ووکیشنل ٹریننگ کی وجہ سے ہزاروں پناہ گزین ملک بدری سے بچ گئے
user

Dw

جرمنی کی وفاقی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ رواں برس مئی کے اواخر تک ایسے آٹھ ہزار پناہ گزینوں کو رجسٹر کیا گیا ہے، جن کو ووکیشنل ٹریننگ یا پھر پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کی وجہ سے 'آؤس بِلڈُنگس ڈُلڈُنگ‘ یعنی تربیت مکمل کرنے تک عارضی رہائش کی اجازت دی گئی ہے۔

افغان اور پاکستانی پناہ گزین

وزارت داخلہ کے مطابق تربیت حاصل کرنے والے آٹھ ہزار ایک پناہ گزینوں میں سے دو ہزار سے زائد کا تعلق افغانستان سے ہے۔ اس کے علاوہ ایک ہزار سے زیادہ پناہ گزینوں کا تعلق گیمبیا اور عراق سے ہے۔ ایران اور گِنی سے تقریباﹰ آٹھ سو جبکہ پاکستان، البانیہ، آرمینیا اور نائیجیریا سے فی ملک تقریباﹰ تین سو پناہ گزینوں کو جرمنی میں پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کی اجازت دی گئی۔


علاوہ ازیں افغانستان سے تعلق رکھنے والے کئی پناہ گزین اپنی سیاسی پناہ کی درخواست مسترد ہونے کے بعد ملک بدری سے بچنے کے لیے اکثر اس اجازت نامے کا استعمال کرتے ہیں۔ تاہم جرمنی میں غیرملکیوں کے مرکزی رجسٹر کے اعداد و شمار میں یہ رجحان وسیع پیمانے پر بڑھتا دکھائی نہیں دیتا۔

ڈُلڈُنگ کیا ہے؟

جرمنی میں رہنے کا 'ڈُلڈُنگ‘ نامی اجازت نامہ ایسے افراد کو جاری کیا جاتا ہے جن کی پناہ کی درخواستیں تو مسترد ہو چکی ہوتی ہیں لیکن انہیں اپنے آبائی ملک واپس بھیجنا ممکن نہیں ہوتا۔ مثال کے طور پر ان کے آبائی ملک واپس سفر کرنے کا کوئی ذریعہ موجود نہیں، صحت کے مسائل ہیں، یا پھر خاندانی وجوہات کی بنا پر وہ اپنے ملک واپس نہیں جاسکتے۔


سیاسی پناہ کے قوانین میں تبدیلی

جرمنی میں سن 2015 میں مہاجرین کے بحران کے دوران پہلی مرتبہ ووکیشنل ٹریننگ کی وجہ سے پناہ گزینوں کو ڈُلڈُنگ نامی اجازت نامہ متعارف کیا گیا تھا۔

بعد ازاں سن 2020 میں سیاسی پناہ کے قوانین میں ترامیم کی گئی اور اسے باقاعدہ قانون بنایا گیا، تاکہ بعض مخصوص شعبوں میں تربیت یافتہ افراد کی شمولیت کے لیے راہ ہموار کی جاسکے۔


واضح رہے سیاسی پناہ کے ایسے متلاشی افراد جن کی شناخت کی تصدیق ممکن نہیں ہوسکی، ان کو عموماﹰ یہ اجازت نامہ نہیں دیا جاتا۔ اس کے علاوہ نام نہاد محفوظ ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی یہ اجازت نامہ حاصل نہیں کرسکتے۔

ووکیشنل ٹریننگ کے بعد جرمن ریزیڈنس پرمٹ

وزارت داخلہ کے مطابق جرمنی میں مئی کے آخر تک 'آؤسبلڈنگس ڈُلڈُنگ‘ کے ذریعے پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے والے 819 افراد کو ریزیڈنس پرمٹ یا پھر رہائشی اجازت نامہ دیا گیا۔ یہ وہ غیر ملکی افراد ہیں جنہوں نے کامیابی کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ تربیت مکمل کرنے کے بعد ملازمت حاصل کی ہے۔ اس طرح وہ جرمنی میں رہائش رکھنے کا باضابطہ اجازت نامہ حاصل کرنے کے اہل بن گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔