ایمیزون کے ملازمین پریشان: ٹِک ٹاک استعمال کریں یا نہ کریں

ایمیزون نے اپنے ملازمین کو پہلے ٹِک ٹاک استعمال کرنے سے گریز کرنے کو کہا۔ بعد میں کمپنی نے اپنے ملازمين کو بھيجی گئی ايک اور ای ميل ميں اس ایپ کو استعمال نہ کرنے سے متعلق فيصلہ واپس لے لیا۔

ایمیزون کے ملازمین پریشان: ٹِک ٹاک استعمال کریں یا نہیں
ایمیزون کے ملازمین پریشان: ٹِک ٹاک استعمال کریں یا نہیں
user

ڈی. ڈبلیو

امریکا کے انتہائی بڑے کاروباری ادارے ایمیزون نے پہلے ایک داخلی ای میل کے ذریعے اپنے ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ٹِک ٹاک ایپ کا استعمال ترک کر دیں۔ اس ایپ کو موبائل فون یا لیپ ٹاپ سے ڈیلیٹ یا ضائع کرنے کی مہلت جمعہ دس جولائی تک دی گئی تھی۔ دس جولائی کی مہلت ختم ہونے سے قبل ہی ایمیزون نے ایک اور ای میل ميں ملازمین کو مطلع کیا کی پہلی ای میل غلطی سے جاری کی گئی تھی۔

کاروباری ادارے نے اپنے ملازمین کے پاس اس ایپ کی موجودگی کو اپنی کاروباری سرگرمیوں کے لیے ایک خطرہ قرار دیا تھا۔ دوسری ای میل میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ اس ایپ کی موجودگی کسی قسم کے خطرے کا باعث نہیں ہے۔ ایمیزون کے وہ ملازمین جو ٹِک ٹاک رکھتے تھے وہ ابھی پہلی ای میل کی پریشانی سے باہر نہیں آئے تھے کہ دوسری نے انہیں حیرت میں ڈال دیا۔


یہ امر اہم ہے کہ ایمزون نے اپنی پہلی ای میل میں اس کی وضاحت نہیں کی تھی کہ ٹِک ٹاک ایپ سے اس ادارے کو کس قسم کا 'سنگین سکیورٹی رسک‘ لاحق ہو سکتا ہے۔ یہ ضرور کہا گیا کہ اس ایپ کی موجودگی محکمے کی داخلی ای میلز تک رسائی کا ذریعہ بن سکتی ہے لیکن بعد کی ای میل سے ان خدشات سے دوری اختیار کر لی گئی تھی اور اپنی سابقہ پالیسی کو برقرار رکھنے کے لئےبھی کہا گیا۔ ابھی تک ان دونوں ای میل کے اجراء کے حوالے سے بھی کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

مقبول ایپ ٹِک ٹاک چین میں قائم بائٹ ڈانس کمپنی کی ملکیت ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ ایمیزون کی جانب سے اس ایپ پر پابندی لگانے اور اٹھانے کی ڈرامائی صورت حال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی حکومت بھی اس ایپ کی اسکروٹنی جاری رکھے ہوئے ہے۔ رواں ہفتے کے اوائل میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ ٹِک ٹاک ایپ پر پابندی لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایپ کے ملکیتی ادارے نے صارفین کی معلومات چینی حکومت کو فراہم کی ہیں۔


امریکی وزیر خارجہ کے بیان کی تردید ٹِک ٹاک ایپ کی مالک کمپنی بائیٹ ڈانس نے فوری طور پر کی تھی۔ بائیٹ ڈانس نے واضح کیا تھا کہ اس نے اپنے کسی ایک صارف کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی معلومات چینی حکومت کو فراہم نہیں کيں۔

چند روز قبل ایک بڑے امریکی بینک ویلز فارگو نے ٹِک ٹاک رکھنے والے ملازمین کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے موبائل اور دوسرے ڈیجیٹل آلات سے اس ایپ کو ضائع کر دیں۔ بینک کے مطابق یہ ایپ ادارے کی 'پرائیویسی اور سکیورٹی‘ پالیسی کے منافی ہے اور نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔