سڈنی: 'مفرور' شیر چڑیا گھر واپس لوٹ آئے

تارونگا چڑیا گھر کے حکام کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز اپنے احاطے سے فرار ہوجانے والے پانچوں شیر واپس لوٹ آئے ہیں۔ اس واقعے کو حفاظتی اقدامات کی بڑی غفلت قرار دیا جارہا ہے اور تحقیقات جاری ہے۔

سڈنی: 'مفرور' شیر چڑیا گھر واپس لوٹ آئے
سڈنی: 'مفرور' شیر چڑیا گھر واپس لوٹ آئے
user

Dw

آسٹریلیا کے سڈنی شہر میں واقع تارونگا چڑیا گھر سے پانچ شیر، جن میں چار بچے شامل تھے، بدھ کے روز صبح سویرے اپنے احاطے سے فرار ہوگئے۔ جس کے بعد ہنگامہ مچ گیا اور حکام کو فوری طور پر "کوڈ ون" الرٹ جاری کرنا پڑا۔ یہ الرٹ چڑیا گھر کی ایمرجنسی وارننگ لسٹ میں بدترین صورت حال کے لیے ہوتا ہے۔

ترونگا چڑیا گھر کے ایگزیکیوٹیو ڈائریکٹر سائمن ڈفی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ تمام پانچوں شیر چڑیا گھر واپس لوٹ آئے ہیں۔


ڈفی نے بتایا کہ شیر کے ایک بچے کو ٹرینکویلائزر (بیہوشی کا ٹیکہ) فائر کرنا پڑا جب کہ بقیہ چار خود ہی چل کر چڑیا گھر لوٹ آئے۔ اس دوران کسی آدمی یا جانور کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور چڑیا گھر کو معمول کے مطابق دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شیر کے جس بچے کو ٹرینکویلائز کیا گیا تھا وہ اب بیدار ہوگیا ہے اور صحت مند ہے۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ یہ شیر چھ فٹ سے زیادہ اونچی باڑ کو پھلانگنے میں کس طرح کامیاب ہوئے۔


انہوں نے کہا کہ، "چڑیا گھر میں اس طرح کے واقعے کے لیے انتہائی سخت حفاظتی پروٹوکول موجود ہیں اور اس کے تحت فوری کارروائی کی گئی۔" ڈفی نے تاہم حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اس واقعے کو ایک بڑا واقعہ قرار دیا۔

ہوا کیا تھا؟

چڑیا گھر کے حکام کو ویڈیو فوٹیج کے ذریعے معلوم ہوا کہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 6.30 بجے کے قریب اٹو نامی بالغ شیر اور چار بچے احاطے سے باہر نکل چکے تھے۔ شیروں کے فرار ہونے کے فوراً بعد ہی چڑیا گھر میں رات بسر کرنے والے مہمانوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا اور شیروں کو واپس لانے کے لیے حکام نے دوڑ دھوپ شروع کر دی۔


مقامی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق میگنس پیری اور ان کے خاندان کے چار افراد چڑیا گھر کے 'رور اینڈ سنور‘ کیمپنگ پیکیج کے تحت خیمے میں رات گزار رہے تھے جب ایک ہنگامی الارم بج پڑا تھا۔ چڑیا گھر والوں نے جلد ہی ان سب کو باتھ روم کے بلاک میں پہنچا دیا۔

میگنس پیری نے اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے بتایا، "وہ بے خبر تھے کہ باہر کیا ہو رہا تھا۔ گائیڈز کے ریڈیو آن تھے اور ہم ان کی آوازیں سن سکتے تھے۔ وہ کہہ رہے تھے کہ وہ ابھی تک باہر ہیں تو ہم نے محسوس کیا کہ باہر کچھ (بڑا خطرہ) ہے۔ پھر انہوں نے کہا کہ یہ شیر ہیں تو ہم نے سوچا خدایا یہ تو بڑا ڈراؤنا ہے۔"


چڑیا گھر کے سی ای او ڈفی نے بتایا کہ چڑیا گھر معمول کے مطابق کھل گیا ہے اور یہ کہ جب ممکن ہوا تو واقعے کی مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔ مقامی اخبار سڈنی مارننگ ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق چڑیا گھر میں آخری بار 'کوڈ ون‘ ایمرجنسی 2021 میں لگائی گئی تھی جب ایک بن مانس دیوار پھلانگ کر فرار ہو گیا تھا۔

سن 2009 میں نیو ساؤتھ ویلز کے جنوبی ساحل پر واقع موگو چڑیا گھر میں جمیلیا نامی شیرنی کو''چڑیا گھر کے ایک اہلکار کی غلطی" کی وجہ سے آزاد چھوڑ دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔