آندھرا میں جلیٹن راڈوں سے لدی گاڑی میں دھماکہ ،دس افرادہلاک

واقعے میں گاڑی میں سوار 10 کان مزدوروں کی موت ہوگئی اور دھماکہ اتنا شدید تھا کہ مزدوروں کی لاش کےاعضاء چند سومیٹر دورتک بکھرگئے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

آندھراپردیش میں ضلع کڈپا کے مملاپلّی گاؤں میں ہفتے کے روز جلیٹن سے بھری گاڑی سے جلیٹن راڈوں کواتارتے وقت دھماکہ سے دس کان مزدوروں کی موت ہوگئی۔

پولیس نے بتایا کہ چونا پتھر کی کان میں دھماکے کے لئے بڈویل سے کثیر مقدار میں لائی گئی جلیٹن کی راڈوں کو گاڑی سے اتاراجارہا تھا تبھی اچانک دھماکہ ہوگیا۔ واقعے میں گاڑی میں سوار 10 کان مزدوروں کی موت ہوگئی اور دودیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ مزدوروں کی لاش کےاعضاء چند سومیٹر دورتک بکھرگئے۔ جس گاڑی میں جلیٹن کی راڈیں لائی گئی تھیں دھماکہ کے سب وہ لوہے کے ٹکڑے میں تبدیل ہوگئی۔


پولیس سپرنٹنڈنٹ امبوراجن اور دیگر عہدیداروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ جاں بحق افراد کی شناخت کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ کان کے مالک ناگیندر ریڈی کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔
دھماکے میں جن مزدوروں کی موت ہوئی ان کی شناخت پرساد (35)، سباّ ریڈی (40)، بالا گنگلو (35)، ایشوریا (45)، گانگی ریڈی (50)، لکشما ریڈی (60) اور عبدل (30) کی شکل میں ہوئی ہے۔

آندھرا پردیش کے گورنر وشوا بھوشن ہریچندن نے کان حادثے میں 10 مزدوروں کی ہلاکت اور متعدد دیگر افراد کے زخمی ہونے پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ گورنر نے عہدیداروں کو دھماکے میں زخمیوں کا بہتر علاج معالجہ کرنے کی ہدایت کی اور سوگوار خاندان کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ادھر وزیر اعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی نے دھماکے میں جاں بحق مزدوروں کے تئیں اظہار تعزیت کیا اور عہدیداروں سے اس واقعے کے بارے میں پوچھ گچھ کی اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔


سابق وزیراعلیٰ این چندربابو نائیڈو نے ضلع کڈپا کے مملا پلّی گاؤں میں چونا پتھر کے کان میں دھماکہ میں متعد بے گناہ کارکنوں کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔