کینیڈا: چاقو زنی کے واقعات میں دس افراد ہلاک، حملہ آوروں کی تلاش جاری

کینیڈا کے سسکچیوان صوبے میں چاقو زنی کے واقعات میں 10 افراد ہلاک اور کم از کم 15 دیگر زخمی ہوگئے۔ پولیس نے دو حملہ آوروں کو پکڑنے کے لیے تین صوبوں میں زبردست تلاشی مہم شروع کردی ہے۔

کینیڈا: چاقو زنی کے واقعات میں دس افراد ہلاک، حملہ آوروں کی تلاش جاری
کینیڈا: چاقو زنی کے واقعات میں دس افراد ہلاک، حملہ آوروں کی تلاش جاری
user

Dw

کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز سسکیچیوان میں دور دراز علاقوں میں رہنے والے دو کمیونیٹیز کے دس افراد ہلاک اور کم از کم 15 دیگر زخمی ہوگئے۔

رائل کینیڈین ماونٹیڈ پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر رہونڈا بلیک مور نے ایک پریس کانفرنس میں تبایا کہ "ہم نے جیمز اسمتھ کری نیشن اور ویلڈون سسکیچیوان کی کمیونٹی میں 13 مقامات پر 10 متوفی افراد کا پتہ لگایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ،"متعدد دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں کم از کم 15 کا اس وقت مختلف ہسپتالوں میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔"


جیمز اسمتھ کری نیشن دراصل ایک قدیم کمیونٹی ہے جس کے تقریباً 3400 افراد بنیادی طورپر زراعت، شکار اور ماہی گیری کا کام کرتے ہیں۔ ویلڈن ایک گاوں ہے جس کی آبادی تقریباً 200 افراد پر مشتمل ہے۔

کمیونٹی نے مقامی ہنگامی حالات کا اعلان کردیا ہے جب کہ سسکیچیوان کے بہت سے رہائشیوں سے مقامی طور پر پناہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے چاقو زنی کے اس بڑے پیمانے پر حملے کو "خوفناک اور دل دہلا دینے والا" قرار دیا۔ انہوں نے ٹویٹ کرکے کہا،"میں ان لوگوں کے بارے میں سوچ رہا ہوں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا اور ان لوگوں کے بارے میں جو زخمی ہوئے ہیں۔"


بلیک مور نے بتایا کہ پولیس کو مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجکر 40 منٹ پر جیمز اسمتھ کری نیشن میں چاقو زنی کے واقع کے بارے میں کال موصول ہوئی، جس کے بعد جلد ہی چاقو زنی کے مزید اطلاعات والی کالیں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکام کا خیال ہے کہ "کچھ متاثرین پر مشتبہ افراد نے حملہ کیا اور دوسروں پر اندھا دھند حملہ کیا گیا۔''

پولیس نے دو مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی۔ ڈیمین ایس اور مائلز ایس کی مشتبہ افراد کے طور پر شناخت کی گئی ہے۔ یہ لوگ سیاہ رنگ نسان روگ کار چلا رہے تھے۔ بلیک مور نے کہا کہ پورے علاقے میں شاہراہوں اور سڑکوں پر متعدد چیک پوائنٹ قائم کردیے گئے ہیں اور مشتبہ افراد کی تلاش کے لیے ''زیادہ سے زیادہ'' پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔


پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کسی بھی مشکوک شخص کی اطلاع دینے اور لوگوں کو گھروں پر رہنے جیسی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ لوگوں کو کسی ناواقف شخص کواپنی گاڑی میں لفٹ دینے یا مشکوک افراد کے قریب جانے سے بھی خبر دار کیا گیا ہے۔

پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ مشتبہ افراد ریاستی دارالحکومت سے 300 کلومیٹر دور ریجینا میں دیکھے گئے ہیں۔ اس کے بعد سے الرٹ اور تلاشی مہم پڑوسی صوبوں مانیٹوبا اور البرٹا تک بڑھا دی گئی ہے۔


کینیڈا میں بڑے پیمانے پر قتل کے واقعات کی تاریخ

حالیہ عرصے میں کینیڈا میں بدترین اجتماعی قتل کا واقعہ اپریل 2020 میں نوووا اسکوٹیا میں پیش آیا تھا جب ایک بندوق بردار، جس نے خود کو پولیس افسرکا بھیس بدل رکھا تھا، نے 12 گھنٹے کی ہنگامہ آرائی کے دوران کم از کم 16 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

جنوری 2017 میں ایک شخص نے کیوبک سٹی کی ایک مسجد میں مغرب کی نماز کے دوران فائرنگ کردی، جس میں چھ افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ دسمبر 2014 میں ایڈمونٹن میں ایک شخص نے خودکشی کرنے سے قبل اپنی بیوی سمیت آٹھ افراد کو قتل کردیا تھا۔


دسمبر 1989 میں ایک بندوق بردار نے خودکشی کرنے سے قبل مونٹریال کے ایکول پولی ٹیکنک میں 14 خواتین کو ہلاک اور 13 دیگر افراد کو زخمی کردیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔